ہائیکورٹ نے اداکار ببرک شاہ کی درخواست پر ماتحت عدلیہ کے اداکار ہ صنم ناز کے حق میں دئیے گئے فیصلے کو معطل کردیا

منگل 19 جنوری 2021 17:15

ہائیکورٹ نے اداکار ببرک شاہ کی درخواست پر ماتحت عدلیہ کے اداکار ہ صنم ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 جنوری2021ء) لاہور ہائیکورٹ نے اداکار و پروڈیوسر ببرک شاہ کی درخواست پر ماتحت عدلیہ کے اداکار ہ صنم ناز کے حق میں دئیے گئے فیصلے کو معطل کرتے ہوئے فریقین کو نوٹس جاری کر دئیے ۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مسعود جہانگیر نے اداکار و پروڈیوسر ببرک شاہ کی درخواست پر سماعت کی ۔درخواست گزار ببرک شاہ نے موقف اپنایا کہ انہوں نے اداکارہ صنم ناز کے ساتھ مل کر ’’مولا وے ‘‘ فلم بنائی، اس کیلئے جوائنٹ اکائونٹ کھولا گیا جس میں پیسے ڈالے گئے ۔

(جاری ہے)

بعدازاں اداکارہ نے خود ہی اکائونٹ میں پیسے ڈال کر کیش کروا کر اپنے اکائونٹ میں ٹرانسفر کر لئے جس کے ثبوت بھی موجود ہیں ۔ فلم کے لئے خریدے گئے آلات اور دیگر اخراجات کے حوالے سے تمام رسیدیں اور دستاویزار موجود ہیں ۔ اداکارہ نے الزام عائد کیا کہ میں نے ان سے رقم ادھار کی مد میں حاصل کی اور اس سے گھر بنوایا ۔ درخواست گزار کا گھر 2009ء میں تعمیر ہوا جبکہ اداکارہ کے ساتھ پراجیکٹ 2015ء میں کیا ۔ماتحت عدلیہ نے حقائق کے برعکس میرے ثبوتوں کو ماننے سے انکار کردیا ۔ استدعا ہے کہ عدالت فیصلہ کالعدم قرا ردے ۔ فاضل عدالت نے ماتحت عدلیہ کے فیصلے کو معطل کرتے ہوئے حکم امتناعی جاری کرکے فریقین کے وکلاء کو نوٹس جاری کر دئیے۔