اللہ کی قدرت امارات میں انوکھے روپ میں جلوہ گر ہو گئی

اماراتی ریاست راس الخیمہ کے ایک جزیرے میں گلابی پانی والی جھیل نظر آ گئی، ہر کوئی یہ نظارہ دیکھ کر حیران ہو رہا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 20 جنوری 2021 17:24

اللہ کی قدرت امارات میں انوکھے روپ میں جلوہ گر ہو گئی
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔19 جنوری2021ء) اللہ تعالیٰ اس کائنات کو تخلیق کرنے والا ہے۔ اس کی تخلیق اور قدرت کو جاننا تو دُور کوئی شخص مکمل طور پر جان بھی نہیں سکتا ہے۔ آج کے دور میں بھی اس دُنیا میں ہزاروں ایسی مخلوقات ہیں جو انسانوں کی نظروں سے اوجھل ہیں۔ ہزاروں ایسے نظارے ہیں جو سیٹلائٹس کے کیمرے بھی اپنی گرفت میں نہیں لے پائے ہیں۔

ایک طرف الگ الگ صورت اور مزاج کے اربوں جاندار ہیں تو دوسری جانب پہاڑ، سمندر، صحرا، درخت، پھول ، پانی بھی کروڑوں دلکش نظارے پیدا کرتے ہیں۔ بے شک انسان خدا کی ان نعمتوں کا ساری عمر شکر نہیں بجا لا سکتا۔ متحدہ عرب امارات میں ایک ایسا نظارہ سامنے آیا ہے جس نے دیکھنے والوں کو ششد ر کر دیا ہے۔ خلیج ٹائمز کے مطابق امارات میں ایک گلابی رنگ کی جھیل سامنے آئی ہے۔

(جاری ہے)

جس کی سوشل میڈیا پرتصاویر بھی دُنیا بھر میں وائرل ہو گئی ہیں۔ اس گلابی جھیل کو ایک اماراتی نوجوان عمار الفارسی نے دریافت کیا ہے۔ 19 سالہ عمار شارجہ کا شہری ہے، جو اپنے قدرتی نظاروں کے فوٹو گرافی کے شوق کو پورا کرنے کی خاطر راس الخیمہ کے شمال میں واقع السرایا نامی جزیرے کی سیر پر چلا گیا۔ جہاں اس نے ایک ایسی جھیل دیکھی جس کا پانی گلابی رنگ کا ہے۔

یہ انوکھی جھیل 40میٹر لمبی اور 10 میٹر چوڑی ہے۔ عمار کے مطابق یہ جزیرہ ساحل سمندر سے صرف 100 میٹر دُور واقع ہے۔عمار نے قدرت کی اس شاہکار جھیل کی ڈرون کیمرے کی مدد سے سینکڑوں تصاویر بنا ڈالیں اور سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے کی دیر تھی کہ سب لوگ ’سبحان اللہ‘ پکار اٹھے ہیں۔ اس حوالے سے انوائرنمنٹ پروٹیکشن اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر سیف الغائث کا کہنا ہے کہ عموماً کسی بھی جھیل کے پانی کا رنگ گلابی نہیں ہو سکتا۔

یہ بھی ہو سکتا ہے کہ اس جھیل میں سُرخ الجی بکثرت سے موجود ہو جس کی وجہ سے پانی کا رنگ گلابی ہو گیا ہے۔ فی الحال اس کی کوئی توجیہ نہیں پیش کی جا سکتی۔ اس جھیل کے پانی کے نمونے حاصل کرنے کے بعد لیبارٹری میں جانچ کرنے کے بعد ہی حقائق سامنے آ سکیں گے۔