سعودی عرب میںآن لائن ٹیچنگ کی تیاری کے دوران ایک اور استاد کی وفات

اعلی ثانوی مرحلے کے ایک مقامی استاد دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے،محکمہ تعلیم کا بیان

جمعہ 22 جنوری 2021 16:05

جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2021ء) سعودی عرب کے ساحلی شہر جدہ میں گذشتہ روز اعلی ثانوی مرحلے کے ایک مقامی استاد دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئے۔میڈیارپورٹس کے مطابق یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب مذکورہ استادمدرستی(میرا اسکول)پلیٹ فارم کے ذریعے اپنے طلبہ کو آن لائن سبق پڑھانے کی تیاری کر رہے تھے۔جدہ میں محکمہ تعلیم نے سعودی استاد احمد حسن الزہرانی کی اچانک موت پر رنج اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

فوت ہونے والے استاد ایک مقامی انٹرمیڈیٹ اسکول عبدالرحمن الداخل میں کیمیا کا مضمون پڑھاتے تھے۔الزہرانی کے ساتھیوں اور طلبہ نے ان کی رحلت پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ مرحوم ایک مثالی استاد اور بہترین اخلاق کے مالک تھے۔الزہرانی گذشتہ 20 برس سے تدریس کے شعبے سے وابستہ تھے۔ وہ شادی شدہ اور چار بیٹوں کے والد تھے۔یاد رہے کہ گذشتہ اتوار کے روز اسی نوعیت کا ایک واقعہ پیش آیا تھا۔ اس روز الشرقیہ صوبے میں ابو سفیان الحارث انٹرمیڈیٹ اسکول کے کمپیوٹر کے استاد سعد النصر اس وقت دل کا دورہ پڑنے سے فوت ہو گئے تھے جب وہ "مدرستی" کے پلیٹ فارم پر اپنے طلبہ کو دوسرے سیمسٹر کا پہلا سبق پڑھانے کی تیاری کر رہے تھے۔