شبلی فراز سے ایبٹ آباد پریس کلب کے عہدیداروں کی ملاقات ، مسائل سے آگاہ کیا

حکومت آزادی اظہار رائے پر کامل یقین رکھتی ہے،ملک میں آزاد اور ذمہ دار صحافت کے فروغ کے لئے کوشاں رہیں گے، وزیر اطلاعات

جمعہ 22 جنوری 2021 22:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2021ء) وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے ایبٹ آباد پریس کلب کے عہدیداران پر مشتمل وفد سے ملاقات کی جس میں ایم این اے علی خان جدون بھی ملاقات میں موجود تھے۔ملاقات کرنے والے وفد میں صدر ایبٹ آباد پریس کلب محمد عامر شہزاد خان جدون، جنرل سیکرٹری راجہ محمد ہارون، سینئر نائب صدر طارق جدون، جوائنٹ سیکرٹری محمد ہارون تنولی، ہزارہ جرنلسٹ ایسوسی ایشن کے صدر تیمور جدون اور جنرل سیکرٹری لقمان شاہ شامل تھے۔

صدر ایبٹ آباد پریس کلب نے وفاقی وزیر کو درپیش مسائل اور دیگر امورسے آگا ہ کیا۔وزیر اطلاعات نے کہاکہ حکومت آزادی اظہار رائے پر کامل یقین رکھتی ہے،ملک میں آزاد اور ذمہ دار صحافت کے فروغ کے لئے کوشاں رہیں گے۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات نے کہاکہ میڈیا کیلئے ساز گار ماحول کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے تمام ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں ، صحافیوں کے فلاح اور تحفظ کے حوالے سیجرنلسٹ پروٹیکشن بل لارہے ہیں۔

انہوںنے کہاکہ کرونا سے جہاں معاشرے کے دیگر طبقات متاثر ہوئے ہیں وہی صحافتی برادری بھی متاثر ہوئی ہے، صحافیوں کیلئے بھی صحت انصاف کارڈ کی فراہمی کی تجویز زیر غور ہے تا کہ صحافیوں کو علاج کی بہترین سہولیات میسر آسکیں، پریس کلبز ممبرشپ کا ایسا طریقہ کار واضح کریں جس سے عامل صحافیوں کی حوصلہ افزائی ہوسکے،پی ٹی وی، ریڈیو پاکستان اور اے پی پی میں دیگر علاقائی زبانوں کی طرح ہندکو زبان کی بھی ترویج ہونی چاہیے۔

وفاقی وزیر نے ایبٹ پریس کلب کی جانب سے دورہ کی دعوت قبول کی اور جلد ایبٹ آباد پریس کلب دورہ کی یقین دہانی کرائی۔ایبٹ آباد پریس کلب کے صدر نے اپنے دیگر عہدیداران کی جانب سے گذشتہ سال ایبٹ آباد پریس کلب کی 40سالہ تقریبات میں سینیٹر شبلی فراز کی شرکت کا بھی شکریہ ادا کیااس موقع پر وزارت اطلاعات و نشریات کے سینئر افسران بھی موجود تھے