دنیا بھر میں فیس بُک کے صارفین کے اکاؤنٹس لاگ آؤٹ ہو گئے

ہم اس مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ فیس بُک انتظامیہ کا ٹویٹر پیغام

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 23 جنوری 2021 12:38

دنیا بھر میں فیس بُک کے صارفین کے اکاؤنٹس لاگ آؤٹ ہو گئے
سنگا پور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 جنوری 2021ء) : معروف سماجی ویب سائٹ فیس بُک کے دنیا بھر میں موجود صارفین کے اکاؤنٹس گذشتہ رات اچانک لاگ آؤٹ ہو گئے جس پر صارفین نے پریشانی کا اظہار کیا۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر صارفین کی جانب سے اپنے فیس بُک اکاؤنٹس لاگ آؤٹ ہونے پر ایک ہی سوال گردش کر رہا تھا کہ فیس بُک نے میرا اکاؤنٹ لاگ آؤٹ کیوں کیا ؟ جبکہ کئی صارفین نے اپنے ٹویٹر پیغامات میں کنفیوژن کا اظہار بھی کیا اور دریافت کیا کہ آخر ایسا کیونکر ہوا ہے۔

صارفین کا کہنا تھا کہ ہمارے فیس بُک اکاؤنٹس خود بخود لاگ آؤٹ ہو گئے اور فیس بُک اکاؤنٹس نے لاگ ان کے لیے دوبارہ پاسورڈ مانگنا شروع کر دیا تھا جو غیرمعمولی بات تھی۔ جبکہ کچھ صارفین نے تو یہاں تک کہا کہ انہیں پاسورڈ ری سیٹ کرنے میں بھی ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

جس نے فیس بُک صارفین کو پریشانی میں مبتلا کر دیا۔ یہ مسئلہ مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے دس بجے شروع ہوا جبکہ گیارہ بج کر بیس منٹ تک 4,800 ایسی شکایات موصول ہو چکی تھیں۔

صارفین کی جانب سے ہزاروں کی تعداد میں شکایات موصول ہونے کے تقریباً 14 گھنٹوں کے بعد سماجی رابطے کی ویب فیس بُک نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں اس مسئلے سے متعلق بیان جاری کیا۔ فیس بُک انتظامیہ کا کہنا تھا کہ ہمیں صارفین کو درپیش اس مسئلے کا علم ہے۔ ہم صارفین کی جانب سے اکاؤنٹس لاگ آؤٹ ہونے اور فیس بُک تک رسائی حاصل کرنے کے لیے دوبارہ لاگ ان کرنے کی ضرورت پیش آنے کی شکایات کا جائزہ لے رہے ہیں۔ فیس بُک انتظامیہ نے مزید کہا کہ ہم اس مسئلے کو جلد سے جلد حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آپ سب کے صبر و تحمل کا بے حد شکریہ۔

متعلقہ عنوان :