قانون ایک مقدس شعبہ ہے ،قائد اعظم سمیت بانیان پاکستان کی بڑی تعداد کا تعلق اسی شعبے سے تھا، ثاقب منان

قانون کی تعلیم کے حوالے سے ایک بہترین تعلیمی ادارہ قائم کرنے پر وہ میاں کاشف اشفاق اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، ڈویژنل کمشنر کاایلے کالج آف لا کی افتتاحی تقریب سے خطاب

ہفتہ 23 جنوری 2021 19:03

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 جنوری2021ء) قانون ایک مقدس شعبہ ہے اور اس کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ قائد اعظم سمیت بانیان پاکستان کی بڑی تعداد کا تعلق اسی شعبے سے تھا۔ یہ بات ڈویژنل کمشنر ثاقب منان نے کہی ،وہ ایلے کالج آف لا کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر چیئرمین ایلے کالجز و چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق، صوبائی وزیر خیال کاسترو، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج رانا مسعود اختر، سینئر سول جج شہباز حجازی، صدر ڈسٹرکٹ بار چوہدری اختر علی ورک ایڈووکیٹ، سیکریٹری ڈسٹرکٹ بار چوہدری خرم اعجاز کاہلوں ایڈووکیٹ، چیف ایگزیکٹو آفیسر فیڈمک عامر سلیمی اور پیٹرن انچیف ڈاکٹر اخلاق شمسی ودیگر بھی موجود تھے۔

کمشنر نے کہا کہ قانون کی تعلیم کے حوالے سے ایک بہترین تعلیمی ادارہ قائم کرنے پر وہ میاں کاشف اشفاق اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس ادارے کو جہاں بھی ان کی ضرورت ہوئی وہ بھرپور تعاون کریں گے اور کوشش کریں گے کہ مستقبل میں بھی اس ادارے کے طلبہ سے انٹرایکشن کا سلسلہ جاری رکھیں۔ چیئرمین ایلے کالجز و چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ لا ایجوکیشن بہت اہمیت کا حامل شعبہ بن چکا ہے اور اس میں ویلیو ایڈیشن کی بہت گنجائش ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ فرنچائزز بنا کر پیسے کمانے کی بجائے ایجوکیشن کے شعبے میں کوالٹی ایجوکیشن کا نیا ٹرینڈ متعارف کروا رہے ہیں اسی لئے ایلے کالجز کا فیصل آباد کیمپس 16 کینال پر مشتمل ہے جبکہ لاہور، سرگودھا اور گوجرانوالہ میں بھی انہوں نے ایلے کالجز کی برانچز خود قائم کی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی ایلے لا کالج کے پیٹرن انچیف ہیں جو اس ادارے کی مینجمنٹ اور طلبہ کے لئے باعث افتخار بات ہے۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج رانا مسعود اختر نے کہا کہ اس ادارے کا قیام قانون کے شعبے میں ایک تازہ ہوا کا جھونکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اچھے وکیل کی بنچ اور بار کو ہمیشہ ضرورت رہتی ہے جو معاشرے کو انصاف کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو طلبہ یہاں زیر تعلیم ہے آج یہ ادارہ ان کی پہچان ہے اور کل جب یہی طلبہ وکیل بن کر عملی زندگی کا آغآز کریں گے تو وہ اس ادارے کی پہچان بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وکیل کے لیے سب سے اہم بات فیکٹس اور اس سے متعلق قانون کا علم ہونا ہے تب ہی آپ اپنے کلائنٹ کی عدالت میں درست نمائندگی کر سکیں گے۔ فتتاحی تقریب میں میزبانی کے فرائض ایگزیکٹو ڈائریکٹر نویدالرحمن نے ادا کئے ۔