متحدہ عرب امارات کے ولی عہد پاکستان پہنچ گئے

محمد بن زید النہیان بحرین کے فرمارواں حماد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ کے ہمراہ نجی دورے کے سلسلے میں بلوچستان پہنچے

muhammad ali محمد علی ہفتہ 23 جنوری 2021 19:53

متحدہ عرب امارات کے ولی عہد پاکستان پہنچ گئے
کوئٹہ (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 23 جنوری 2021ء) متحدہ عرب امارات کے ولی عہد پاکستان پہنچ گئے، محمد بن زید النہیان بحرین کے فرمارواں حماد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ کے ہمراہ نجی دورے کے سلسلے میں بلوچستان پہنچے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان میں 2 خلیجی ممالک کے سربراہان کی آمد ہوئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات کے ولی عہد حمد بن زید النہیان اور بحرین کے فرمارواں حماد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ کی پاکستان آمد ہوئی ہے۔

دونوں رہنما نجی دورے کے سلسلے میں بلوچستان پہنچے ہیں۔ محمد بن زید النہیان اور حماد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ کے ہمراہ دیگر کئی افراد بھی پاکستان پہنچے ہیں، دونوں ممالک کے سربراہان پاکستان میں قیام کے دوران صوبہ بلوچستان کے علاقوں میں تلور کا شکار کریں گے۔

(جاری ہے)

دونوں رہنماوں کو حکومت پاکستان کی جانب سے اعلیٰ سطح کی سیکورٹی فراہم کی گئی ہے، تاہم مہمان رہنما دورہ پاکستان کے دوران سرکاری سطح پر کوئی ملاقات نہیں کریں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال دسمبر کے مہینے میں وفاقی حکومت نے بحرین کے بادشاہ شیخ حمد بن عیسیٰ بن سلمان الخلیفہ اور ان کے خاندان کے دیگر 5افراد کو بین الاقوامی سطح پر محفوظ نایاب پرندے تلور کے شکار کے خصوصی اجازت نامے جاری کیے تھے۔ جبکہ متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے شاہی خاندان کے افراد کو بھی خصوصی اجازت نامے جاری کیے گئے۔ متحدہ عرب امارات کے شاہی خاندان کے کچھ افراد گزشتہ ماہ بھی تلور کے شکار کے سلسلے میں بلوچستان آئے تھے۔ یاد رہے کہ عرب ممالک کے شاہی خاندان کے افراد کی تواتر سے تلور کے شکار کیلئے پاکستان آمد ہوتی رہتی ہے۔ عرب ممالک کے یہ خصوصی مہمان بلوچستان اور جنوبی پنجاب کے علاقوں میں تلور کے شکار کیلئے قیام کرتے ہیں۔