بائیڈن کے ساتھ مزید کثیر جہتی تعاون کا خیر مقدم ہے،جرمن چانسلر

کورونا وائرس جیسی عالمی وبا سے نمٹنے کے لیے مضبوط ترین بین الاقوامی کوششوں کی ضرورت ہے،امریکی صدرکوفون

منگل 26 جنوری 2021 16:01

بائیڈن کے ساتھ مزید کثیر جہتی تعاون کا خیر مقدم ہے،جرمن چانسلر
برلن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 جنوری2021ء) جرمن چانسلر انجیلا میرکل نے امریکی صدر جو بائیڈن کے ساتھ فون پر اپنی پہلی گفتگو میں کہا ہے کہ کورونا وائرس کی وبا اور ماحولیاتی تبدیلی جیسے عالمی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے بین الاقوامی تعاون بہت اہم ہے۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جرمن چانسلر میرکل کے ترجمان اشٹیفین زائبرٹ نے بتایا کہ جرمن چانسلر میرکل اور امریکی صدر جو بائیڈن نے فون پر بات چیت کے دوران اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ کورونا وائرس جیسی عالمی وبا اور دیگر بین الاقوامی چیلنجز کا اسی صورت میں مقابلہ کیا جا سکتا ہے جب تمام ممالک ایک ساتھ مل کر کام کریں۔

جرمن چانسلر کے ترجمان اشٹیفین زائبرٹ نے کہاکہ چانسلر اور امریکی صدر نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ کورونا وائرس جیسی عالمی وبا سے نمٹنے کے لیے مضبوط ترین بین الاقوامی کوششوں کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں رہنماں نے افغانستان اور ایران جیسے مسائل سے نمٹنے کے لیے خارجہ پالیسی نیز تجارتی امور اور ماحولیات کی تبدیلی جیسے اہم مسائل پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

ترجمان اشٹیفین زائبرٹ کا کہنا تھا کہ چانسلر میرکل نے جرمنی کی طرف سے اپنے یورپی اور بحر اوقیانوسی شراکت داروں کے ساتھ مل کر بین الاقوامی امور سے نمٹنے میں ذمہ داری قبول کرنے کی رضامندی کا بھی اظہار کیا۔ جرمن چانسلر نے بائیڈن کو امریکا کا صدر بننے پر مبارک باد پیش کی اور جیسے ہی کورونا کی وبا انہیں سفر کی اجازت دے، جرمنی آنے کی بھی دعوت دی۔