ایل ایل بی سال اول کے امتحان میں جمشید دستی کی جلعسازی کا انکشاف

سابق رکن قومی اسمبلی نے امتحان میں اپنی جگہ کسی اور امیدوار کو بٹھایا ، انکوائری میں جلعسازی پکڑی گئی ، معاملے کی مکمل چھان بین کے لئے اعلٰی سطح کی کمیٹی بھی بنا دی گئی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 27 جنوری 2021 13:01

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 جنوری2021ء) جمشید دستی نے ایل ایل بی کے امتحان میں اپنی جگہ کسی اور امیدوارکو بٹھادیا ، سابق رکن قومی اسمبلی کی جعلسازی پکڑی گئی ، کنٹرولر امتحانات نے ابتدائی انکوائری رپورٹ وائس چانسلر بہاوالدین زکریا یونیورسٹی کو بھجوا دی ، معاملے کی مکمل چھان بین کے لئے اعلٰی سطحی کمیٹی بھی بنا دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ملتان کی زکریا یونیورسٹی کی جانب سے بنائی جانے والی تحقیقاتی کمیٹی کی ابتدائی انکوائری میں انکشاف ہوا ہے کہ جمشید دستی نے ایل ایل بی سال اول کا امتحان دیا تو انہوں نے امتحان میں اپنی جگہ کسی اور امیدوار کو بٹھا دیا۔

اس ضمن میں بہاوالدین زکریا یونیورسٹی کے کنٹرولر امتحانات پروفیسر امان اللہ نے میڈیا ذرائع کو بتایا کہ جعل سازی کی شکایت موصول ہونے پر انکوائری شروع کی گئی ، تحقیقاتی کمیٹی کی ابتدائی انکوائری میں ثابت ہوا ہے کہ جمشید دستی نے ایل ایل بی کے امتحان میں اپنی جگہ کسی اور امیدوار کو بٹھایا تھا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب مظفر گڑھ میں جمشید دستی کے مبینہ بھانجے کی طالبہ سے زیادتی کا واقعہ سامنے آیا ہے ، میڈیا رپورٹس کے مطابق تھانہ صدر کے علاقے موضع دین پور میں نویں کلاس کی طالبہ 15 سالہ اپنے ماموں کے گھر جا رہی تھی کہ راستے میں جمشید دستی کے بھانجے محمد ابراہیم اور اس کے 3 ساتھیوں محمد صفدر ، امیر حمزہ اور غلام عباس نے اسے اغوا کر لیا اور ایک گھر میں لے گئے جہاں مبینہ طور پر محمد ابرہیم نے اسے زیادتی کا نشانہ بنایا ، شور شرابہ کرنے پر ملزم فرار ہو گئے۔

پولیس کے مطابق لڑکی کے بھائی کی مدعیت میں چار ملزموں کے خلاف اغواء اور زیادتی کا مقدمہ درج کر لیا گیا ، جب کہ جمشید دستی کا کہنا تھا کہ ان کا کسی ملزم سے کوئی تعلق نہیں، جو غلط ہے اس کو سزا ملنی چاہئیے،مخالفین ہر معاملے کو ان کے ساتھ جوڑ کر سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی ناکام کوشش کر رہے ہیں ، دوسری طرف آئی جی پنجاب انعام غنی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آی پی او ڈی جی خان سے رپورٹ طلب کر لی ۔