شہباز شریف اور عمران علی پر منی لانڈرنگ کے الزامات نہیں لگائے، ڈیلی میل نے یوٹرن لے لیا

برطانوی اخبار ڈیلی میل کے وکلاء نے برطانوی عدالت میں یوٹرن لیتے ہوئے اِس بات کا اعتراف کیا کہ اخبار نے شہباز شریف اور عمران علی پر منی لانڈرنگ کے الزامات نہیں لگائے

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری بدھ 24 فروری 2021 19:56

شہباز شریف اور عمران علی پر منی لانڈرنگ کے الزامات نہیں لگائے، ڈیلی ..
(اُردو پوائنٹ، تازہ اخبار، 24 فروری 2021) برطانوی عدالت میں شہباز شریف اور عمران علی پر ڈیلی میل کی جانب سے لگائے گئے منی لانڈرنگ کے الزامات کے حوالے سے ہونے والی سماعت میں ڈیلی میل نے یوٹرن لے لیا۔ تفصیلات کے مطابق برطانوی اخبار ڈیلی میل کے وکلاء نے برطانوی عدالت میں یوٹرن لیتے ہوئے اِس بات کا اعتراف کیا کہ اخبار نے شہباز شریف اور عمران علی پر منی لانڈرنگ کے الزامات نہیں لگائے۔

ڈیلی میل کے خلاف شہباز شریف کے ہتکِ عزت کیس کی ابتدائی سماعت کی کاپی میں یہ انکشاف ہوا کہ ڈیلی میل اپنے اخبار میں شائع ہونے والے مضمون سے مکر گئی اور اِس بات کا اعتراف کیا کہ انہوں نے شہباز شریف اور عمران عل یپر منی لانڈرنگ کا الزام نہیں لگایا۔ تاہم عدالت میں جسٹس میتھیو نکلین نیکیس کی سماعت میں ریمارکس دئیے کہ اخبار میں شائع ہونے والے مضمون میں شہباز شریف کو مرکز بنایا گیا تھا، جبکہ عمران علی کے بارے میں بھی لکھا گیا تھا کہ انہوں نے زلزلہ زدگان فنڈ سے ایک ملین پاؤنڈ لیے اور اخبار کے مطابق اس رقم کے حوالے سے عمران علی کو علم تھا کہ یہ غبن شدہ پیسہ ہے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ 14 جولائی 2019 کو برطانوی اخبار ڈیلی میل نے دعویٰ کیا تھا کہ سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے خاندان نے زلزلہ متاثرین کو ملنے والی برطانوی امداد میں چوری کی۔ اخبار میں یہ رپورٹ شائع ہونے کے بعد شہباز شریف نے اخبار کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا فیصلہ کیا تھا اور اِسی قانونی چارہ جوئی کے نتیجے میں ڈیلی میل کو عدالت میں دائر کیس کا سامنا ہے۔ یاد رہے کہ شہباز شریف نے اخبار پر ہتک عزت کا کیس دائر کیا تھا۔ اخبار میں شائع ہونے والی رپورٹ میں یہ بات واضح کہی گئی تھی کہ شہباز شریف نے اپنی وزارت کے دور میں برطانوی امدادی ادارے سے تقریباً 50 کروڑ پاؤنڈ وصول کیے۔