آصف زرداری کی جانب سے جے ایف 17 تھنڈر پروگرام بند کرنے کی کوششیں کیے جانے کا انکشاف

آصف زرداری جب صدر تھے تب انہوں نے جے ایف 17 تھنڈر پروگرام بند کرنے کی شرط پر مجھے پاک فضائیہ کا سربراہ بنانے کی پیش کش کی تھی: ائیر مارشل ریٹائرڈ شاہد لطیف کا تہلکہ خیز انکشاف

muhammad ali محمد علی جمعہ 26 فروری 2021 20:50

آصف زرداری کی جانب سے جے ایف 17 تھنڈر پروگرام بند کرنے کی کوششیں کیے ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 فروری2021ء) آصف زرداری کی جانب سے جے ایف 17 تھنڈر پروگرام بند کرنے کی کوششیں کیے جانے کا انکشاف۔ تفصیلات کے مطابق ائیر مارشل ریٹائرڈ شاہد لطیف کی جانب سے نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر مملکت آصف زرداری سے متعلق تہلکہ خیز انکشاف کیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا پر گردش کرتے ویڈیو کلپ میں شاہد لطیف کی جانب سے پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف زرداری پر سنگین الزام عائد کیا گیا۔

ائیر مارشل ریٹائرڈ شاہد لطیف کا دعویٰ ہے کہ آصف زرداری جب صدر تھے تب انہوں نے جے ایف 17 تھنڈر پروگرام بند کرنے کی شرط پر مجھے پاک فضائیہ کا سربراہ بنانے کی پیش کش کی تھی۔

(جاری ہے)

شاہد لطیف کے مطابق وہ اس وقت ائیر وائس مارشل تھے، ان سے آصف زرداری نے رابطہ کر کے جے ایف 17 تھنڈر پروگرام کی بندش کے بدلے پاک فضائیہ کے سربراہ کی پوسٹ کی پیش کش کی تھی۔

پروگرام کے میزبان کی جانب سے سوال پوچھے جانے پر ائیر مارشل ریٹائرڈ شاہد لطیف نے کہا کہ نواز شریف یا آصف زرداری سے ان کی کوئی دشمنی نہیں ہے، وہ ان پر تنقید ذاتی وجوہات کی بنا پر نہیں کرتے۔ ہاں ذاتی وجہ یہ ضرور ہے کہ پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں جب مجھے ائیر چیف بننا تھا، تب آصف زرداری نے صاف صاف کہا کہ اگر جے ایف 17 تھنڈر پروگرام رول بیک کردو اور پاک فضائیہ کا بجٹ ایوان صدر کے ڈسپوزل پر ہو، اگر یہ 2 باتیں مان جاو تو تب ہی تمہیں ائیر چیف بنایا جائے گا۔ ملکی سیاسی حالات کے حوالے سے شاہد لطیف کا کہنا ہے کہ جب آصف زرداری اور نواز شریف کو اپنی 5 سال حکومت مکمل کرنے کا حق مل سکتا ہے، تو عمران خان کو بھی اپنی 5 سالہ حکومت کا دور مکمل کرنے کا حق ہے۔