سعودی عرب نے چوبیس گھنٹوں میں حوثیوں کے سات حملے ناکام بنا دیئے

باغیوں نے مملکت پر کئی ڈرون حملے کیے تاہم محکمہ دفاع نے دو گھنٹے میں حوثیوں کے سات حملے ناکام بنا دئیے،بیان

اتوار 28 فروری 2021 11:15

سعودی عرب نے چوبیس گھنٹوں میں حوثیوں کے سات حملے ناکام بنا دیئے
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2021ء) عرب اتحاد نے یمن سے حوثی ملیشیا کے بارود سے لدے بمبار ڈرون طیاروں سے سعودی عرب پر حملوں کی سازشیں جاری ہیں۔ عرب ٹی وی کے مطابق ایک بیان میں عرب اتحاد نے بتایاکہ حوثی باغیوں نے مملکت پر کئی ڈرون حملے کیے تاہم محکمہ دفاع نے دو گھنٹے میں حوثیوں کے 7 حملے ناکام بنا دئیے۔سعودی عرب کی قیادت میں عرب اتحاد نے گذشتہ 24 گھنٹے میں اس سے پہلے حوثیوں کے تین ڈرون اور میزائل حملے ناکام بنائے ۔

(جاری ہے)

عرب اتحاد نے جمعہ کی شب حوثی ملیشیا کے ایک بیلسٹک میزائل کو تباہ کرنے کی اطلاع دی تھی۔عرب اتحاد نے ایک بیان میں کہا کہ ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے اس میزائل حملے میں سعودی عرب کے جنوبی علاقوں میں شہری آبادیوں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی۔گزشتہ روز حوثی ملیشیا نے سعودی عرب کے جنوبی علاقوں میں بارود سے لدے 4 ڈرون حملے کیے تاہم ان ڈرون طیاروں کو فضا ہی میں تباہ کردیا گیا۔ عرب اتحاد کا کہنا ہے کہ ہم بین الاقوامی قانون کے مطابق شہریوں اور شہری اہداف کے تحفظ کے لیے آپریشنل اقدامات کر رہے ہیں۔