دُبئی میں ڈکیتی کرنے والے کی حماقت نے اسے گرفتار کروا دیا

ملزم راہگیر کو لوٹ کر فرار ہو گیا تھا، تھوڑی دیر بعد اسے یاد آیا کہ سائیکل وہیں چھوڑ آیا ہے، واپس پہنچا تو گرفتار ہو گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعرات 4 مارچ 2021 15:09

دُبئی میں ڈکیتی کرنے والے کی حماقت نے اسے گرفتار کروا دیا
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4 مارچ2021ء) دُنیابھر میں ہر روز چوری ڈکیتی کی ہزاروں وارداتیں پیش آتی ہیں۔ تاہم کئی وارداتیں ایسی ہوتی ہیں جن کے کرنے والوں پر غصے کی بجائے ہنسی آ جاتی ہے۔ یہ لوگ اپنی حماقت سے کچھ نہ کچھ ایسا ناقابل یقین کر جاتے ہیں کہ ان کی گرفتاری یقینی ہو جاتی ہے۔ ایسا ہی معاملہ دُبئی میں بھی پیش آیا ہے جہاں ایک غیر ملکی نے ساتھیوں کے ساتھ مل کر چوری کی واردات کر ڈالی، تاہم جائے واردات پر اپنی سائیکل بھول کر چلا گیا۔

سائیکل واپس لینے کے ارادے سے واپسی اس کی گرفتاری کا سبب بن گئی۔ اس جرائم پیشہ نوجوان کی حماقت پر سب حیران رہ گئے۔ تفصیلات کے مطابق پولیس نے حور الانز کے علاقے میں ایک راہگیر سے رقم اور آئی فون چھیننے والے نوجوان کو گرفتار کر لیا ہے، اس نوجوان کی سنگین غلطی کی وجہ سے اس کی گرفتاری ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق 22 سالہ نائیجرین نوجوان اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ ایک راہگیر کو لُوٹ کر فرار ہو گیا تھا۔

تھوڑی دیر بعد اسے خیال آیا کہ اس کی سائیکل جائے واردات پر ہی پڑی رہ گئی ہے۔ وہ جونہی سائیکل لینے پہنچا تو لُٹنے والا راہگیر ابھی وہیں موجود تھا جس نے دیگر افراد کی مدد سے اسے قابو کر لیا۔ تفتیش کے دوران پتا چلا کہ ملزمان ایک راہگیر سے آئی فون اور 970 درہم چھین کر فرار ہو گئے تھے۔راہگیر نے بتایا کہ وہ اپنی رہائش گاہ کی جانب واپس جا رہا تھاکہ ایک اندھیرے ویران مقام پراسے چار افریقی نوجوانوں گھیر کر چاقو کی نوک پر اس سے970 درہم اور آئی فون چھین لیے۔

تاہم وہ واردات کے بعد وہیں کھڑا رہا اور پاس سے گزرنے والے افراد کو اس بارے میں بتا رہا تھا کہ چند منٹ بعد ہی اس نے ایک ملزم کو اسی جانب آتے دیکھا۔ ملزم کو پہچان کر اس نے شور مچا دیا جس کے بعد وہاں موجود لوگوں نے ملزم کو پکڑلیا ۔پولیس نے ملزم سے تفتیش کی تو پتا چلا کہ واردات کے دوران وہ اپنی سائیکل وہیں بھول گیا تھا۔ تھوڑ ی دیر بعد اسے خیال آیا تو وہ دوبارہ سائیکل لینے اسی مقام پر پہنچا مگر وہاں موجود مُدعی نے اسے پہچان کر دوسرے لوگوں کی مدد سے پکڑ لیا ۔

متعلقہ عنوان :