آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کا خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے ”سیکنڈ وومن کانفرنس“ کے انعقاد کا اعلان

دو روزہ سیکنڈ وومن کانفرنس 6تا 7مار چ آرٹس کونسل کراچی میں منعقد کی جائے گی

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 4 مارچ 2021 17:41

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کا خواتین کے عالمی دن کی مناسبت سے ”سیکنڈ ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 04 مارچ2021ء) اکیلی عورت اپنے حقوق کے لئے کام نہیں کرسکتی ،عورتوں کو گھروں میں بٹھا کر معاشی ترقی ممکن نہیں، عورت اور مرد دونوں کو مل کر کام کرنا ہوگا ،خواتین کے حقوق کا مسئلہ بین الاقوامی سطع کا مسئلہ ہے ،عورت کو ایک طرف کردیا جائے تو ترقی کے سارے خواب ادھورے ہیں، ان خیالات کا اظہار صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے آرٹس کونسل کراچی میں ”سیکنڈ وومن کانفرنس“ کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس پہلی وومن کانفرنس کے انعقاد کے بعد کرونا وبا نے پوری دنیا کو اپنی لپٹ میں لے لیا تھا، جس کے اثرات ابھی بھی موجود ہیں ،اسِی لئے ہم تمام تر ایس او پیز کے ساتھ ”سیکنڈ وومن کانفرنس“ کا انعقاد کریں گے ۔


انہوں نے کہا کہ دو روزہ سیکنڈ وومن کانفرنس 6مارچ تا 7مارچ آرٹس کونسل کراچی میں منعقد ہوگی۔

(جاری ہے)

صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے مزید کہا کہ ان تمام خواتین کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے ہر شعبے میں خود کو منوایا ہے ۔سیکنڈ وومن کانفرنس کا انعقاد اپنی اپنی فیلڈ کی ماہر خواتین کی مشاورت سے کیا جارہا ہے جس میں اکنامک امپاورمنٹ،صحت،تعلیم،غیرت کے نام پر قتل،آرٹ،سوشل میڈیا،میوزک ،ڈانس اور تھیٹر پر سیشنز شامل ہیں۔

اس موقع پر انیس ہارون نے کہاکہ ہم برتری کا دعویٰ نہیں کرتے بلکہ برابری چاہتے ہیں، جہالت کے باعث آج بھی غیرت کے نام پر عورت کو قتل کردیا جاتا ہے جس سے ہماری دُنیا میں بُرا تاثر جاتا ہے، خواتین گھر کا اہم جز ہوتی ہیں انہیں کمتر نہیں سمجھنا چاہیے،انہوں نے کہاکہ دنیا کی کامیاب ترین قوموں میں خواتین کام کرتی ہیں اس لیے وہ کامیاب ہیں،عورتوں کی لڑائی مردوں کے خلاف نہیں بلکہ خواتین کو حقوق نہ ملنے کے خلاف ہے،

نورالہدیٰ شاہ نے کہاکہ آرٹس کونسل کراچی میں وومن کانفرنس کے انعقاد میں ہمیں صرف خواتین کی نہیں بلکہ مردوں اور بچیوں کی بھی ضرورت ہے ،اس معاشرے کی تنگدلی کو بدلنے کے لیے آرٹس کونسل کراچی کا بڑا کردار رہا ہے،انہوں نے کہاکہ اگر معاشرے کو بدلنا چاہتے ہیں تو پہلے عزت اور پھر محبت سے کام لینا ہوگااوریہ آرٹس کونسل کی جدوجہد ہے، انہوں نے کہاکہ یہ ہم پر منحصر کرتا ہے کہ ہم اس جنگل سے نکلنا چاہتے ہیں یا نہیں، آخر میں سیکریٹری آرٹس کونسل اعجاز احمد فاروقی نے کہاکہ تعلیم وہ زیور ہے جو بچیوں کی حفاظت کرتا ہے،اس معاشرے میں تعلیم کی بے حد ضرورت ہے کیونکہ جس گھر میں ماں تعلیم یافتہ نہیں ہوتی اس خاندان کی تربیت اس طرح نہیں ہوتی پاتی جیسے ہونی چاہیے۔


کانفرنس کے پہلے روز افتتاحی اجلاس کے بعد ”میری زندگی میرا اختیار“، ”خواتین کومعاشی بااختیار بنانا“، ”پرفارمنس“، ”خواتین کا عالمی مشاعرہ“، جبکہ دوسرے دن ”ہم کسی سے کم نہیں“، ”بنیادی تعلیم میں چیلنجز“، ”عورت پر تشدد کیوں؟“، ”زبیدہ مصطفی کے ساتھ گفتگو“، ” صحت ہی زندگی ہے“، ”سوشل اور ڈیجیٹل میڈیا کی سرگرمیاں“، ”تخلیقی میڈیا میں خواتین کا کردار“ ”ڈانس پرفارمنس۔شیماکرمانی“، ڈرامہ دستک کانفرنس میں شامل ہیں۔