اپسما کے بانی چیئرمین شہیدسید خالد شاہ ایک علم دوست شخصیت تھے سعید غنی

کورونا وائر س کی وباء سے تعلیم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچاہے جسے پورا کرنے کی بھر پور کوششیں کی جائیں گی سید طارق شاہ

جمعہ 5 مارچ 2021 22:35

اپسما کے بانی چیئرمین شہیدسید خالد شاہ ایک علم دوست شخصیت تھے سعید ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مارچ2021ء) تیس سالہ سیلیبریشن اور آل پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسو سی ایشن سندھ کے نئے سیکر ٹریٹ کا افتتاح مہمان خصوصی صوبائی وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کیا تقریب میں اپسما کے سندھ بھر سے تمام عہدیداران بھی موجود تھے اس موقع پر سعید غنی نے آل پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسو سی ایشن سندھ کی تیس سالہ خدمات کو سراہاتے ہوئے کہا کہ اپسما کے بانی چیئرمین شہید سید خالد شاہ نے سندھ کے تمام نجی تعلیمی اداروں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے اپسما کی بنیاد رکھی اور وہ نجی تعلیمی اداروںکے مسائل حل کرنے کے لئے انتہائی جانفشانی سے خدمات سرانجام دیتے تھے انہوں نے کہا کہ سید خالد شاہ ایک علم دوست شخصیت تھے انہوں نے اپنی پوری زندگی تعلیم کو عام کرنے میں صرف کردی انہوں نے کہا کہ میں چاہوں گا کہ ان کی علمی خدمات کے پیش نظر ہر سال میٹرک اور انٹر کے امتحانات میں پوزیشن ہولڈرز کو سید خالد شاہ ایوارڈ دیا جائے تاکہ ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں بھی علم کی شمع کو روشن کرکے پورے ملک میں تعلیم کو عام کرنے کا جذبہ پیدا ہو انہوں نے کہا کہ اپسما کے موجودہ مرکزی چیئر مین سید طارق شاہ بھی اپنے والد کے نقشے قدم پر چل رہے ہیں اور وہ بھی اسی جذبے کے تحت سندھ بھر کے نجی تعلیمی اداروں کی بہبود اور ان کے مسائل کو حل کرنے کے لئے شب و روز مصروف عمل ہیںسعید غنی نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ یہ سندھ بھر کے نجی تعلیمی اداروں کا پہلا سب سے بڑا مرکزی سیکر ٹریٹ ہے جو سید طارق شاہ اور ان کی کابینہ کی محنت کا نتیجہ ہے اور اس سے قبل اتنے منظم طریقے سے نجی تعلیمی اداروں کے مسائل کو حل کرنے کے لئے کوئی سیکر ٹریٹ موجود نہیں تھا انہوںنے کہاکہ مجھے امید ہے کہ پورے پاکستان کے طلباء کا کورونا وائرس کی وجہ سے جو تعلیمی نقصان ہوا ہے اسے پورا کرنے میں زیادہ وقت نہیں لگے گاسعید غنی نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ تعلیم بہت ضروری ہے مگر تعلیم سے زیادہ بچوں کی زندگی اہم ہے حکومت سندھ نے تعلیمی اداروں کے لئے جو ایس او پیز بنائی ہیں ان پر سختی سے عمل کرنے کی وجہ سے کورونا وائرس اتنا نقصان نہیں پہنچا سکا جتنا کہ دوسرے صوبوں اور ملکوں میں کورونا نے نقصان پہنچایا ہے انہوں نے کہا کہ ہمیں مسلسل ایس او پیز پر سختی سے عمل کرنا چاہئے تاکہ کورونا کی وباء کو مستقل بنیادوں پر شکست دی جاسکے اس موقع پر آل پرائیویٹ اسکولز مینجمنٹ ایسو سی ایشن سندھ کے مرکزی چیئر مین سید طارق شاہ نے کہا کہ کورونا وائر س کی وباء سے تعلیم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچاہے جسے پورا کرنے کی بھر پور کوششیں کی جائیں گی انہوں نے کہا کہ اپسما نہ صرف کراچی بلکہ سندھ بھر کی واحد نمائندہ تنظیم ہے جو حکومت سندھ کے تعلیم کے مشن کو عام کرنے میں بھر پور تعاون کرتی ہے مگر سب سے زیادہ نجی تعلیمی ادارے ،ان میں زیر تعلیم طلباء، اساتذہ اور غیر تدریسی عملہ شدید متاثر ہوا ہے جبکہ اس وباء کی وجہ سے بہت ساری نجی تعلیمی ادارے حکومت کے عدم تعاون کی وجہ سے نہ صرف مستقل طور پر بند ہوگئے ہیں بلکہ ان تعلیمی اداروں میں پڑھنے والے بچوں کا مستقبل بھی تاریک ہوگیا ہے اور ہزاروں اساتذہ بھی بے روزگار ہوگئے ہیں سید طارق شاہ نے کہا کہ اپسما سیکرٹریٹ ایک انٹرنیشنل معیار کا تعلیمی سیکرٹریٹ ہے جس کا تعلق نہ صرف سندھ بھر بلکہ پاکستان بھر کے نجی تعلیمی اداروں سے ہے جس میں نہ صرف انٹرنیشنل سطح کی تعلیمی کانفرنسز ،سیمینارز اور ورکشاپ منعقد ہوں گے بلکہ دوسرے ممالک سے بھی تعلیمی ماہرین کے وفود یہاں تشریف لائیں گے اور مختلف تقریبات بھی منعقد ہوں گی انہوں نے کہا کہ اس سے نہ صرف پاکستان اور دیگر ممالک کے درمیان تعلیمی وفود کا تبادلہ ہوگا بلکہ اس سے معیار تعلیم کو بلند کرنے اور عام کرنے میں بھی مدد ملے گی سید طارق شاہ نے کہا کہ کورونا وائرس کی عالمی وباء نے پورے ملک کے تعلیمی نظام کو شدید نقصان پہنچایا ہے جس کی تلافی میں وقت لگے گا انہوںنے کہا کہ حکومت فوری طور پر نجی تعلیمی اداروں کو ہر قسم کے ٹیکسز سے مستثنیٰٰ قرار دے اور آسان شرائط پر انہیں ہر قسم کا قرضہ حسنہ دیا جائے تاکہ نجی تعلیمی ادارے تعلیم کے مشن کو جاری رکھ سکیں