بلجیم بچوں سے زیادتی کیخلاف بننے والے گروپ کے نوارکان گرفتار

پولیس نے ان افراد کے گھروں سے ان کے لیپ ٹاپ اور فون بھی قبضے میں لے لیے،مزید تحقیقات جاری

ہفتہ 6 مارچ 2021 12:02

بلجیم بچوں سے زیادتی کیخلاف بننے والے گروپ کے نوارکان گرفتار
برسلز (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مارچ2021ء) بلجیم کی پولیس نے بچوں سے مبینہ طور پر زیادتی کرنے والے افراد کو ہلاک کرنے کے لیے بنائے گئے پیدو ہنٹر نامی 9 رکنی گروپ کو گرفتار کرلیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق 20 سے 38 سال عمر کے ان افراد کو بلجیم کے دوسرے بڑے شہر اینٹورپ کی پولیس نے فلاندرز ریجن کے مختلف علاقوں سے گرفتار کیا ہے۔

بیلجیئن ذرائع ابلاغ کے مطابق اس گروپ کی گرفتاری کی وجہ سوشل میڈیا بنا جہاں ایسے لوگوں کو اکٹھا ہونے کی ترغیب دی جاتی تھی جو بچوں کے ساتھ زیادتی کرنے والے افراد کو سزا دینے کے خواہشمند ہوں۔ یہ گروپ اپنے آپ کو پیدو ہنٹر کہلاتے تھے۔گروپ کی نشاندہی ہونے کے بعد پولیس نے 10 مختلف مقامات پر چھاپے مار کر 9 افراد کو گرفتار کرلیا جن کے قبضے سے بھاری تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

گرفتار شدگان میں ایک خاتون بھی شامل ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق اس گروپ کا مقصد مبینہ طور پر کم عمر بچوں کے ساتھ زیادتی کرنے والے یا اس عمل کی خواہش رکھنے والے افراد کو ٹریپ کرکے انہیں سزا دینا تھا۔ جس میں موت کی سزا بھی شامل تھی۔پولیس نے ان افراد کے گھروں سے ان کے لیپ ٹاپ اور فون بھی قبضے میں لیے ہیں۔ تاکہ وہ یہ جان سکیں کہ آیا اس گروپ میں ایسے افراد تو شامل نہیں جو خود کبھی ایسی زیادتی کا شکار بنے ہوں۔