Live Updates

پی ٹی آئی کی غنڈہ گردی کا مقابلہ اب اخلاقیات سے نہیں کریں گے، مریم نوازکی وارننگ

ہمارے ووٹرزسپورٹرز نے بھی جوتے پہنے ہوئے ہیں، اس بدترین بدتمیزی کو نہیں بھولیں گے، عوامی عدالت میں شرمناک شکست ہوئی اس کو بچانے والے عوام کا فیصلہ مانیں ورنہ مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ مرکزی نائب صدر ن لیگ کا ردعمل

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 6 مارچ 2021 16:41

پی ٹی آئی کی غنڈہ گردی کا مقابلہ اب اخلاقیات سے نہیں کریں گے، مریم نوازکی ..
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 06 مارچ2021ء) پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی غنڈہ گردی کا مقابلہ اخلاقیات سے نہیں کریں گے، ن لیگی ووٹرز اور سپورٹرز نے بھی جوتے پہنے ہوئے ہیں، احسن اقبال اور مریم اورنگزیب کے ساتھ بدترین بدتمیزی کوبھولیں گے نہیں، سکیورٹی حصار کے بغیر باہر نکلیں، 22 کروڑ عوام جوتے لیے کھڑے ہیں۔

انہوں نے آج یہا ں پارلیمانی پارٹی کے ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن میں تھے تب بھی پارلیمنٹ میں غنڈہ گردی کرتے تھے آج حکومت میں ہیں تو بھی غنڈہ گردی کررہے ہیں، پاکستان کی عوام کو بتا دیا یہ کتنے پریشان ہیں،آج جھوٹا اعتماد کا ووٹ لیا لیکن جانا ٹھہر گیا ہے، مریم اورنگزیب پر جس طرح نہتی خاتون پر حملہ کیا، پوری قوم نے دیکھا پاکستان کی ہرماں ، بیٹی کا سر شرم سے جھک گیا ہوگا، میں کہنا چاہتی ہوں جو احسن اقبال پر جوتا پھینکا، اور بدتمیزی کا مظاہرہ کیا، میں اتنا کہنا چاہتی ہوں کہ آپ کے دن گنے جاچکے ہیں، سکیورٹی کے حصار کے بغیر باہر نکلیں، 22 کروڑ عوام ہاتھوں میں جوتے لیے کھڑی ہیں۔

(جاری ہے)

ہم نوازشریف کے کارکن ہیں، اخلاقیات کے برتاؤ پر اخلاقیات کا دامن نہیں چھوڑیں گے۔اقدار کی سیاست پر یقین رکھتے ہیں، مسلم لیگ ن کے اراکین اور سپورٹرز نے بھی جوتے پہنے ہوئے ہیں، تمہاری گردنوں پر دماغ سے خالی سر ہیں، جو آج مسلم لیگ ن کے ساتھ کیا گیا، مسلم لیگ ن اس کو بھولے گی نہیں، مسلم لیگ ن کوئی خیراتی جماعت نہیں ہے، چوروں غنڈوں کا مقابلہ پر روایات، اقدار سے کیا، لیکن غنڈہ گردی کا مقابلہ اخلاقیات سے نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہاکہ آج قومی اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ لیا اس ووٹ کی کوئی حیثیت نہیں کیونکہ گن پوائنٹ پر ووٹ لیا گیا ہے، ان کو کہا گیا مجھے ووٹ دو ورنہ چھوڑوں گا نہیں، گلے پھاڑ پھاڑ کرکہا کہ ہمارے اراکین بک گئے، آج انہی سے ووٹ لیا،کل تمام ارکان اسمبلی کے فون آف تھے، اچانک ان کو شمالی علاقہ جات کی سیر پر چلے گئے۔ میں کہنا چاہتی ہوں یہ جو آپ کو عارضی چند روز کی مہلت ملی ہے ، اس مانگے تانگے کے رزق سے موت اچھی، اگر تھوڑی سی عزت والا ہوتا تو کہتا میرے بڑوں نے بھی بچانے کی کوشش لیکن عوام کا فیصلہ ہے،میں بچانے والوں کو کہتی ہوں ہر صوبے نے فیصلہ دے دیا ہے ، عوامی عدالت میں جس کو شرم ناک شکست ہوئی اس کو بچانے کی کوشش کرنے والو آپ اپنی اور ادارے کی عزت پر حرف نہ آنے دیں، عوام کا فیصلہ مانیں اگر نہیں مانوگے تو مزید مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔

تمہاری اتنی جرات اتنی ہمت ایک ووٹ چور، آٹا، چینی چور دوسروں کو چور کہتا ہے؟ جب دھند چھٹے گی تو تمہاری چوری کی داستانیں جب سامنے آئیں گی تو تاریخ میں اتنا بڑا چور نہیں دیکھا ہوگا۔عوام کو پتا چل چکا ہے، دھونس دھاندلی اور ظلم جبر کرنے کا دور گیا۔صبح یا شام تمہارا جانا ٹھہر گیا ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات