سانحہ اردو بازار آئیسکو حکام اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے موجود سرکاری اداروں کی لاپر واہی کے باعث پیش آیا: ملک شاہد غفورپراچہ

سانحہ میں 25سے زائد دکانیں اور ان میں موجود کروڑوں روپے کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا،جو تاجر لاکھوں روپے کمانے والے تھے آج امداد کے منتظر ہیں ،وفاقی و صوبائی حکومتیں انھیں جلد از جلد دکانیں از سر نو تعمیر کرکے کاروبار شروع کرنے کے لئے امداد دیں: صدر مرکزی انجمن تاجران راولپنڈی و پنجاب

ہفتہ 3 اپریل 2021 21:35

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 03 اپریل2021ء) مرکزی انجمن تاجران راولپنڈی وپنجاب کے صدر ملک شاہد غفور پراچہ نے کہا ہے کہ سانحہ اردو بازار آئیسکو حکام اور تجاوزات کے خاتمے کے لئے موجود سرکاری اداروں کی لاپر واہی کے باعث پیش آیا،سانحہ میں 25سے زائد دکانیں اور ان میں موجود کروڑوں روپے کا سامان جل کر خاکستر ہوگیا،جو تاجر لاکھوں روپے کمانے والے تھے آج امداد کے منتظر ہیں ،وفاقی و صوبائی حکومتیں انھیں جلد از جلد دکانیں از سر نو تعمیر کرکے کاروبار شروع کرنے کے لئے امداد دیں ضلعی انتظامیہ اردو بازار میں دوبارہ زندگی کی روانی کے لئے اپنا کردار اداکرے کیونکہ اب تین دن گزرنے کے باوجود بھی یہاں پر زندگی معمول پر نہ آسکی ہے ریسکیو ٹیموں نے اچھاکام کیا لیکن تجاوزات کی وجہ سے انہیں آپریشن کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے ان خیالات کااظہار انہوں نے اردو بازار کے دورے کے موقع پر پریس کانفرنس کے دوران کیا،اس موقع پر مرکزی انجمن تاجران کے رہنما طارق جدون ،ندیم شیخ چیمبر سمال ،نعیم سیٹھی سمیت دیگر بھی موجود تھے،قبل ازیں تاجروں کے وفد نے صدر اردو بازارشیخ نفیس ،جنرل سیکریٹری سید شاہد و دیگر کے ساتھ اظہار افسوس و اظہار یکجہتی کیا ،اس موقع پر انہوں نے یقین دلایا کہ پنجاب بھر کے تاجر آپ کے ساتھ ہیں اور اللہ سے بھی دعا گو ہیں کہ اللہ پاک آپ کی مشکلات آسان فرمائے ،اس موقع پر ملک شاہد غفور پراچہ نے کہا کہ ہم وزیر اعظم پاکستان عمران خان ،پنجاب وزیر اعلی سردار عثمان بزدار سے مطالبہ کرتے ہیں کہ یہ راولپنڈی کابڑا سانحہ ہے، جس میں 25سے زائد دکانیں جل گئیں اور کروڑوں روپے کاسامان خاکستر ہوگیا ،یہ آئیسکو حکام کی لاپر واہی کا نتیجہ ہے ،جن کی بے ہنگم تاریں شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ پھیلتی ہے ،دوسری ذمہ داری ناجائز تجاوزات کو نہ ختم کرنے والے سرکاری ادارے کی ہے ،جس کے بارے میں ہماری یونین متعدد بار اعلی حکام اور سرکاری اداروں کے افسران کو آگاہ کرچکی ہیں کہ روڈ اور فٹ پاتھ صاف کرائے جائیں ،لیکن ہماری شنوائی نہیں ہوئی ،ہم وفاقی داخلہ شیخ رشید ،راجہ بشارت سے بھی درخواست کرتے ہیں کہ وہ بھر پور کردار اداکریں اور تاجروں کو دوبارہ عمارتیں تعمیر کرکے دے اور کاروبار شروع کرنے کے لیے مالی معاونت بھی کرے ،ضلعی انتظامیہ زندگی کو رواں کرنے کے لیئے اپنا کردار اداکریں۔