منشاء بم اور اس کے بیٹوں کے قبضے سے اربوں روپے مالیت کی 40 کنال زمین واگزار

منشاء بم اور اس کے بیٹوں نے اربوں روپے مالیت کی اراضی پر قبضہ کیا ہوا تھا جہاں سے عارضی ٹھیلے لگوا کر بھتہ وصول کیا جارہا تھا ، لاہور پولیس چیف غلام محمود ڈوگر کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 9 اپریل 2021 11:10

منشاء بم اور اس کے بیٹوں کے قبضے سے اربوں روپے مالیت کی 40 کنال زمین واگزار
لاہور ( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 9 اپریل 2021ء ) پولیس اور ایل ڈی اے نے قبضہ مافیا منشاء بم اور اس کے بیٹوں کے قبضے سے اربوں روپے مالیت کی 40 کنال زمین واگزار کرالی ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس چیف غلام محمود ڈوگر نے بتایا کہ منشاء بم اور اس کے بیٹوں نے اربوں روپے مالیت کی اراضی پر قبضہ کیا ہوا تھا جہاں سے عارضی ٹھیلے لگوا کر بھتہ وصول کیا جارہا تھا ، جس کی وجہ سے منشاء بم اور اس کے بیٹے عام شہریوں کے لیے بھی دہشت کی علامت بنے ہوئے تھے تاہم پولیس شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنائے گی ، اس لیے شہریوں کو قبضہ گروپوں اور بدمعاشوں سے ڈرنے کی ضرورت نہیں ہے ، کیوں کہ شہریوں کی اراضی کسی صورت ہتھیانے نہیں دی جائے گی۔

چند روز قبل ہی پلاٹ پر قبضہ کی کوشش کرنے پر پنجاب پولیس ایکشن میں آئی اور اس نے منشا بم کے تینوں بیٹوں کو گرفتار کر لیا ، ڈی آئی جی آپریشنز ساجد کیانی کے مطابق منشا بم کے بیٹے عمر ،عاصم اور طارق نے ایک شہری کے پلاٹ پر قبضے کی کوشش کی تھی جس پر انہیں گرفتار کیا گیا ہے ، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزموں نے شہری سے گن پوائنٹ پر سونے کی چین اورنقدی بھی چھینی تھی، ملزموں کے قبضے سے جدید اسلحہ برآمد کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب ماڈل ٹاؤن کچہری میں ملک منشا عرف منشاء بم اور اس کے بیٹوں کے خلاف قبضے کے تیرہ مقدمات میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے ، جہاں عدالت نے ملزموں پر 9 مقدمات میں فرد جرم عائد کرتے ہوئے دیگر دو مقدمات میں ریکارڈ طلب کرلیا ہے ، اس سے قبل 16 نومبر 2020ء کو لاہور پولیس نے قبضہ مافیا کے سرغنہ منشا بم کے چار بیٹوں کو گرفتار کیا تھا جببکہ منشا بم خود فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ۔