زیادہ ٹی ٹونٹی رنز، محمد حفیظ نے شعیب ملک کا ملکی ریکارڈ توڑدیا

آل رائونڈر نے رنز کی تعداد 2336کرلی، دنیائے کرکٹ کے نمایاں سکوررز میں 5ویں نمبر پر آگئے ہیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب اتوار 11 اپریل 2021 13:39

زیادہ ٹی ٹونٹی رنز، محمد حفیظ نے شعیب ملک کا ملکی ریکارڈ توڑدیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 11اپریل 2021ء ) محمد حفیظ نے شعیب ملک کا ٹی ٹونٹی کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ملکی ریکارڈ توڑدیا مگر اس کے فوراً بعد ہی وکٹ گنوا بیٹھے۔ گزشتہ روز پروٹیز کیخلاف میچ میں انھیں ریکارڈ توڑنے کے لیے13 رنز درکار تھے، شعیب ملک نے کیریئر میں 2335 رنز بنائے ہیں، محمد حفیظ نے اپنے رنز کی تعداد 2336 کرلی، وہ دنیائے کرکٹ کے نمایاں سکوررزکی فہرست میں پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔

واضح رہے کہ ویرات کوہلی 3159، مارٹن گپٹل 2939، روہت شرما 2864 اور ایرون فنچ 2346 رنز بنا چکے ہیں، این مورگن نے اب تک 2311 رنز سکور کیے ہیں۔

(جاری ہے)

محمد حفیظ اگست 2006ء میں برسٹل میں پاکستان کی پہلی ٹی ٹونٹی ٹیم کا بھی حصہ تھے اور انگلینڈ کے خلاف پاکستان کی پانچ وکٹوں سے کامیابی میں ان کا حصہ 46 رنز کا تھا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ حفیظ نے اپنا 50واں ٹی ٹونٹی میچ بھی نومبر 2013ء میں جنوبی افریقہ کے خلاف وانڈررز سٹیڈیم میں کھیلا تھا جب انہوں نے بطور کپتان 25 رن دے کر دو وکٹیں حاصل کیں اور ناٹ آؤٹ 13 رنز بنائے تھے ، بارش سے متاثرہ اس میچ میں میزبان ٹیم نے پاکستان کو4 رنز سے شکست دی تھی۔