وزیر اعلی پنجاب کے سپیشل پولیٹیکل ایڈوائزر سید رفاقت علی گیلانی سے مختلف طلباء و طالبات کے وفد کی ملاقا ت

حکومت جنوبی پنجاب کے لوگوں کو ما ضی کی محرومیوں باہر نکالنے کے لئے تیز تر اقدامات عمل میں لائے ہوئے ہے‘رفاقت علی گیلانی

جمعرات 15 اپریل 2021 15:36

وزیر اعلی پنجاب کے سپیشل پولیٹیکل ایڈوائزر سید رفاقت علی گیلانی سے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2021ء) وزیر اعلی پنجاب کے سپیشل پولیٹیکل ایڈوائزر سید رفاقت علی گیلانی سے مختلف طلباء و طالبات کے وفد نے ملاقا ت کی۔اس موقع پر انہوں نے طلباء کوبتایا کہ حکومت جنوبی پنجاب کے لوگوں کو ما ضی کی محرومیوں باہر نکالنے کے لئے تیز تر اقدامات عمل میں لائے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کے لیے سرکاری ملازمتوں میں الگ کوٹہ مختص کیا جائے گا اورکوٹے کا تعین آ بادی کے تناسب کی بنیاد پرکیا جائے گا۔

کوٹہ کی تخصیص کے لیے سرکاری ملازمتوں سے متعلق قوانین میں ضروری ترامیم کروائی جا رہی ہیں۔اسی طرح آ ئند ہ مالی سال کے بجٹ میں جنوبی پنجاب کے لیے الگ ترقیاتی پروگرام تشکیل دیا جائے گا اور حکومت جنوبی پنجاب کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کی الگ اشاعت کو یقینی بنائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یکساں ترقی کے لیے جنوبی پنجاب کو الگ انتظامی زون کے طور پر متعارف کروایا جارہا ہے۔

جنوبی پنجاب کے لیے مخصوص بجٹ کی رنگ فینسنگ کو کابینہ کی حمایت سے یقینی بنایا گیا ہے اور الگ سیکرٹریٹ کا قیام اس سلسلہ کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں تعلیم، صحت اور زراعت سے منسلک تمام محکموں کو نمائندگی دی جارہی ہے تاکہ عوام کو انکی دہلیز پر خدمات فراہم کی جاسکیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت جنوبی پنجاب میں با اختیار سیکرٹریٹ کے استحکام اور کارکردگی میں بہتری کے لیے منتقل ہونے والے تمام محکموں کو بھر پور تکنیکی معاونت مہیا کرے گی۔

جنوبی پنجاب میں مکمل سیکرٹریٹ کا قیام مرحلہ وار عمل ہے کیونکہ اس میں متعدد عوامل کار فرما ہیں۔انہوںنے کہا کہ سیکریٹریٹ کی تکمیل تک انتظامی ڈھانچے میں تبدیلیاں معمول کی کارروائی ہے۔ ابتدائی مرحلہ پر مرکزی نوعیت کے حامل محکمے لاہور سیکرٹریٹ سے خدمات مہیا کریں گے اورکمیٹی طے کرے گی کہ مرکزی محکموں میں سے کونسا محکمہ کس مرحلہ پر جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ میں منتقل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمتوں میں علیحدہ کوٹے کی صوبائی کابینہ سے منظوری لی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے محکمہ قانون، محکمہ خزانہ اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ کو ہدایت کی کہ جنوبی پنجاب کے لیے الگ کوٹہ سے متعلقہ قانون میں ترامیم اور جنوبی پنجاب کے الگ سالانہ ترقیاتی پروگرام کی تیاری کو یقینی بنایا جائے۔