مسلم لیگ ن نے پیپلزپارٹی سے وضاحت کیلئے ’شوکاز‘ کا لفظ استعمال کرنے پر معذرت کرلی

پیپلزپارٹی کے پاس اب بھی وقت ہے وضاحت دے ، شوکاز کا لفظ استعمال کیا اس پر معذرت چاہتا ہوں ، ن لیگی رہنماء شاہد خاقان عباسی کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 16 اپریل 2021 10:32

مسلم لیگ ن نے پیپلزپارٹی سے وضاحت کیلئے ’شوکاز‘ کا لفظ استعمال کرنے ..
اسلام اباد (اردو پوائنٹ ، تازہ ترین اخبار، 16اپریل 2021) پاکستان مسلم لیگ ن نے پیپلزپارٹی سے پی ڈی ایم کی طرف سے وضاحت کیلئے ’شوکاز‘ کا لفظ استعمال کرنے پر معذرت کرلی۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنماء سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے پاس اب بھی وقت ہے وضاحت دے ، شوکاز کا لفظ استعمال کیا اس پر معذرت چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے اعتماد کو ٹھیس پہنچی تھی اس لیے پاکستان پیپلزپارٹی سے جواب مانگا تھا ، ورنہ پیپلزپارٹی اور ہمارے راستے جدا ہیں۔ دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی نے شاہد خاقان عباسی اور احسن اقبال کو ن لیگ لندن کے سیاسی ٹارگٹ کلرز قرار دے دیا ، پیپلزپارٹی کے رہنماء چوہدری منظور حسین نے کہا ہے کہ شاہد خقان عباسی اور احسن اقبال مسلم لیگ ن لندن کے سیاسی ٹارگٹ کلرز ہیں ، شاہد خاقان عباسی نے پیپلزپارٹی کو شوکاز نوٹس بھیج کر پی ڈی ایم کی ٹارگٹ کلنگ کی ، دوسرے سیاسی ٹارگٹ کلر احسن اقبال ہمیں واٹس ایپ گروپ سے نکال رہے تھے ، جب کہ مولانا فضل الرحمان نے پیپلزپارٹی اور عومی نیشنل پارٹی کو افہام و تفہیم کی دعوت دی ، انہوں نے کہا کہ سیاسی ٹارگٹ کلرز کو اندرونی کلنگ کا اگلا ٹارگٹ دیا گیا ہے ، شاہد خقان عباسی بتائیں وہ کس پلان کے تحت لندن گئے تھے؟ جب کہ محمد زبیر کس ڈیل پر عمل درآمد کے لیے گئے تھے؟ بہتر ہے سب خود ہی بتادیں۔

(جاری ہے)

قبل ازیں اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور اے این پی نے استعفے بھیج دیئے ہیں ، وضاحت طلبی کوغیرضروری طورپرسیاسی رنگ دیا گیا ، پیپلزپارٹی اور اے این پی اپنے فیصلوں پر نظر ثانی کریں ،آپ کی بات سننے کوتیار ہیں ، کیوں کہ ہم نہیں چاہتے تھے کہ تنظیمی اختلافات چوک پر لے جائیں۔ ، تنظیمی تقاضہ تھا کہ جس جماعت سے شکایت ہے ان سے وضاحت طلب کی جائے ، دونوں جماعتوں کے سیاسی قد کاٹھ کا تقاضا تھا کہ باوقار انداز میں وضاحت کا جواب دیتے ۔