کورونا وائرس کینسر کے مریض کے لیے شفا کا باعث بن گیا

برطانیہ میں ایک شخص کو کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد کینسر کے موذی مرض سے نجات مل گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعہ 16 اپریل 2021 13:31

کورونا وائرس کینسر کے مریض کے لیے شفا کا باعث بن گیا
لندن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 16 اپریل 2021ء) : عالمی وبا کورونا کی وجہ سے دنیا بھر میں اموات اور مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے کا سلسلہ جاری ہے۔ تاہم برطانیہ میں موجود ایک شخص کے لیے کورونا رحمت کی شکل اختیار کر گیا۔ تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں ایک شخص کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد کینسر کے موذی مرض سے نجات پا گیا۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے کارن وال کے ایک اسپتال میں ڈاکٹروں کو اس وقت حیرت ہوئی جب انہوں نے گذشتہ موسم گرما میں کورونا وائرس کا شکار ایک 61 سالہ شخص میں کینسر کے سیل غائب ہونے کا مشاہدہ کیا۔

بلڈ کینسر کے اس ٹیومر نے اس شخص کے دھڑ کو شدید نقصان پہنچایا تھا اور اس مریض نے اس بیماری کے لیے کیموتھیراپی بھی شروع نہیں کیا تھا۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد اس شخص کو اسپتال میں داخل کروایا گیا اور مختلف ادویات کا استعمال کروائی گئیں جس کے بعد حیرت انگیز طور پر اس شخص کے کینسر کے خلیے غائب ہوگئے تھے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد اس مریض کو نمونیہ ہوگیا تھا اور پھیپھڑوں میں سوجن ہوگئی تھی، جس کے خلاف مختلف ادویات کا استعمال کیا گیا تھا۔

اس شخص کو مصنوعی آکسیجن بھی لگایا گیا تھا تاکہ اسے سانس لینے میں مدد مل سکے جس کے بعد اس کے پھیپھڑے ٹھیک ہو گئے تھے اور 11 دن اسپتال میں رہنے کے بعد ڈسچارچ کردیا گیا تھا۔ کچھ ہفتوں بعد ہی اس کے کینسر کی جانچ پڑتال کے لیے اس کا سی ٹی اسکین کروایا گیا اور یہ انکشاف ہوا کہ اس کا کینسر ٹھیک ہوگیا تھا۔ ڈاکٹروں کے مطابق کووڈ 19 کے وائرس نے نہ صرف اس کے کینسر کے مہلک خلیوں کو تباہ کردیا تھا بلکہ اس کے مدافعتی نظام بہتر ہونے سے کورونا وائرس کے ساتھ ساتھ مہلک خلیے بھی تباہ ہوگئے تھے۔