چینی سوشل میڈیا ویب سائٹ ویبو پر انڈین کووڈ بحران کے بارے میں تضحیک آمیز پوسٹ پر تنقید

پیر 3 مئی 2021 17:30

بیجنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مئی2021ء) چینی سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ویبو پر چین کی کمیونسٹ پارٹی سے تعلق رکھنے والے ایک صارف نے پوسٹ کی جس میں انڈیا میں جاری کورونا وائرس کے بحران کا مذاق اڑایا گیا تھا اور اس پھر سوشل میڈیا میں تنازع چھڑ گیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق اس پوسٹ میں ایک تصویر میں دکھایا گیا کہ چین میں ایک راکٹ لانچ ہو رہا ہے جبکہ اس کے ساتھ انڈیا میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والے افراد کی آخری رسومات کی تصویر بھی ہے۔

(جاری ہے)

اس تصویر کے ساتھ عنوان درج ہے، چین میں لگائی گئی آگ اور انڈیا میں لگائی گئی آگ۔ہفتے کے روز کی گئی اس پوسٹ کو اب حذف کر دیا گیا ہے۔صارفین نے اس پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا کہ یہ نامناسب ہے اور چین کو چاہیے کہ وہ انڈیا کے ساتھ ہمدردی دکھائے۔چینی میڈیا ادارے کے مدیر ہو ژیجن نے بھی اس بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں انسانیت کا پیغام دینا چاہیے، انڈیا کے ساتھ اظہار ہمدردی دکھائیں۔یہ پوسٹ ایسے وقت میں آئی ہے جب جب ایک روز قبل چینی صدر شی جن پنگ نے انڈین وزیر اعظم نریندر مودی کو کووڈ کے حوالے سے پیغام بھیجا تھا اور ہمدردی کا اظہار کیا تھا۔