سعودیہ میں رمضان کے مقدس مہینے میں بھی شراب اور منشیات اسمگل کا انکشاف، درجنوں بدبخت افراد پکڑے گئے

سعودی حکومت کے مطابق 21,180 شراب کی بوتلیں، بیئر کے ڈبے اور چرس وقات کی اسمگلنگ پر 52 افراد گرفتار کیے گئے ہیں

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 4 مئی 2021 15:51

سعودیہ میں رمضان کے مقدس مہینے میں بھی شراب اور منشیات اسمگل کا انکشاف، ..
ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔4 مئی2021ء) سعودی عرب ایک اسلامی ملک ہے جہاں پر شرعی قانون نافذ ہیں۔ اسلامی ملک ہونے کے ناتے یہاں شراب اور منشیات کے استعمال کی بھرپور ممانعت ہے اور ان ممنوعہ اشیاء کی اسمگلنگ میں ملو ث افراد کا سر قلم کر دیا جاتا ہے۔ تاہم کچھ بدبخت ایسے بھی ہیں جو مسلمان ہونے کے باوجود رمضان کی حُرمت و پاکیزگی کا بھی خیال نہیں رکھتے اور اس پاک مہینے کے دوران بھی منشیات کی اسمگلنگ اور استعمال پر تُلے رہتے ہیں۔

اس طرح کی شرمناک سرگرمیوں میں ملوث متعدد افراد کو پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ سعودی پولیس کے مطابق مملکت میں شراب کی 21 ہزار سے زائد بوتلیں اسمگل کرنے کی کوشش سعودی کسٹمز نے ناکام بنا دی ہے۔ اس کھیپ کے ساتھ بیئر کے 240 ڈبے بھی ضبط کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

اسمگلرز کی جانب سے بطحا کی سرحدی چوکی کے راستے یہ ہزاروں شراب کی بوتلیں زیتون کے تیل کے کارٹنوں میں چھُپا کر اسمگل کی جا رہی تھیں، تاہم مستعد اور ہوشیار کسٹمز اہلکاروں کے تلاشی لینے پر اسمگلنگ کی یہ غیر قانونی سرگرمی دھری کی دھری رہ گئی۔

اس کے علاوہ جازان ریجن کے سرحدی علاقے سے بھی چرس اور قات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی ہے۔ بارڈر سیکیورٹی فورسز کے ترجمان کرنل مسفر القرینی نے بتایا کہ ایک مخبر کے ذریعے اطلاع ملی تھی کہ جازان کے ایک دور دراز سرحدی علاقے کے ذریعے 961 کلوگرام چرس اگلے روز اسمگل کی جا رہی ہے۔ یہ اطلاع ملنے پر ایک آپریشن کی تیاری کی گئی ۔ جس کے لیے محکمہ انسداد منشیات کی جانب سے بھی حصہ لیا گیا ہے۔

اسمگلرز کے سعودی علاقے میں داخل ہونے کے بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گرفتار کیے گئے افراد کی تعداد 24 ہے جن میں سے 18 کا تعلق ایتھوپیا سے، 4 کا یمن سے جبکہ 2 کا سعودی عرب سے ہے۔ جازان میں ہی ایک اور کارروائی کے دوران بارڈر سیکیورٹی فورسز نے 45 کلوگرام قات ضبط کر لی ہے اور اس مذموم سرگرمی میں ملوث 23 افراد بھی گرفتار ہو گئے ہیں جن میں سے 16سعودی باشندے ہیں اور 7یمنی ہیں۔

واضح رہے کہ سعودیہ نے چند روز قبل لبنان کی زرعی مصنوعات کی درآمد پر پابندی کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ پابندی حالیہ دنوں لبنان سے آنے والے پھلوں کے کریٹ میں سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہونے کے بعد عائد کی گئی ہے۔ سعودی حکام کے مطابق اس سے قبل بھی کئی بار لبنانی مصنوعات سے نشہ آور مواد کی بڑی کھیپ پکڑی جا چکی ہے۔ جس کے بعد لبنان کی زرعی مصنوعات پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔