پاکستان کے سرفہرست کاروباری ادارے ہائوس آف حبیب کی ذیلی کمپنی تھل لمیٹیڈ نے حب میں پولی پراپلین کے تھیلے بنانے کے پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا

منگل 4 مئی 2021 18:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 مئی2021ء) پاکستان کے سرفہرست کاروباری ادارے ہائوس آف حبیب کی ذیلی کمپنی تھل لمیٹیڈ نے حب میں پولی پراپلین کے تھیلے بنانے کے پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے جس پر 1.7 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی جائیگی۔ ہائوس آف حبیب کی وائس چیئرمین سلمان برنی نے حب میں واقع تھل لمیٹیڈ کی فیکٹری میں پلانٹ کا سنگ بنیاد رکھا۔

اسٹیٹ آف دی آرٹ پلانٹ جرمنی کی ونڈ مولر اینڈ ہولسچر نامی کمپنی کا تیار کردہ ہے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وائس چیئرمین ہائوس آف حبیب سلمان برنی نے کہا کہ '' ہم 1973 سے صنعتی استعمال کے تھیلے اور سیمنٹ بیگز کی پیداوار کررہے ہیں اور پاکستان میں اس شعبہ کے بانیوں میں شامل ہیں۔'' انہوں نے کہا کہ اپنے صارفین کی گہری وابستگی اور اعتماد پر پورا اترتے ہوئے اطمینان بخش مصنوعات کی فراہمی ساتھ اب نئی سرمایہ کاری سے قومی خزانہ میں ٹیکسوں کی شکل میں جمع کروائے جانے والے ہمارے حصہ کے ساتھ روزگار کے مواقع بڑھانے میں بھی مدد ملیگی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے تھل پی پی ڈی کے سی ای او سید عمیر احمد کا کہنا تھا کہ تھل لمیٹیڈ اپنا تجربہ اور مہارت پاکستان میں اجناس اور خوراک کو ذخیرہ کرنے اور محفوظ ترسیل کے لیے پولی پراپلین تھیلوں کی طلب پوری کرنے کے لیے بروئے کار لائیگی۔انہوں نے کہا کہ تھل لمیٹیڈ پہلے ہی کاغذ کے سالانہ 25 کروڑ تھیلے تیار کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔

پولی پراپلین کے 9 کروڑ تھیلوں کی پیداوار کی صلاحیت کے ساتھ اب ہم نہ صرف لوکل مارکیٹ بلکہ اپنے ایکسپورٹ کے کاروبار کو بھی فروغ دے سکیں گے ۔تھل لمیٹیڈ پاکستان میں صنعتی استعمال کے تھیلے بنانے والا سرفہرست ادارہ ہے جو مختلف النوع صنعتوں کی ضروریات پوری کرتا ہے جن میں سمینٹ، تعمیراتی میٹریل، خوراک، زراعت اور ریٹیل مصنوعات شامل ہیں۔ تھل لمیٹیڈ تیزی سے بڑھتی ہوئی ملکی طلب پوری کرنے کے ساتھ مختلف ممالک کو تھیلے ایکسپورٹ بھی کرتا ہے جن میں مڈل ایسٹ، یورپ، افریقہ کے ممالک ور آسٹریلیا شامل ہیں۔#