گذشتہ 77سال سے عوام کو سیاسی ایجنڈوں کی تکمیل کیلئے استعمال کیا جارہا ہے ،پاکستان عوامی تحریک

جمعرات 6 مئی 2021 23:21

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 مئی2021ء) پاکستان عوامی تحریک نے قومی اسمبلی کے حلقہ NA-249کراچی کے ضمنی انتخابات کے نتائج پر دکھ و حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ انتخابات میں عوام کی عدم دلچسپی کے باعث ووٹنگ کی شرح کا شرمناک حد تک گر جانا اس ملک کی تمام سیاسی جماعتوں اور ملکی اداروں کیلئے مقام عبرت ہے، عوام اپنے مسائل کے حل نہ ہونے کی وجہ سے ملک کے سیاسی نظام سے لاتعلق ہوتی جارہی ہے گذشتہ 77سال سے عوام کو جس طرح اپنے سیاسی ایجنڈوں کی تکمیل کیلئے استعمال کیا جا تا رہا ہے اس عمل سے عوام اب اس کرپٹ نظام ِ سیاست نام نہاد جمہوریت کے دعوے کرنے والے سیاسی گماشقوں کے چہرے پہچانتے جا رہے ہیں اور جلد عوام اپنے حقوق کی بحالی کیلئے اس نظام ِسیاست کو جڑ سے اُکھاڑ پھینکیں گے، پاکستان عوامی تحریک کے جنرل سیکریٹری خالد راجپوت ، سیکریٹری اطلاعات نایاب انصاری ،سٹی کے صدر سید مبشر شاہ اور آفس سیکریٹری زوہیب حسین نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ پاکستان عوامی تحریک اپنے قیام سے لیکر آج تک عوام کو اس کرپٹ نظام ِسیاست کے زہر آلود اثرات سے آگاہ کر رہی ہے۔