حکومت پنجاب کا اسٹامپ پیپرز ختم کرنے کا فیصلہ

جائیداد کی رجسٹری سادہ کاغذ پر کی جائے گی،اسٹامپ پیپرز ختم ہونے سے حکومت کو ایک ارب روپے سے زائد کی بچت ہوگی، رجسٹری درج کرنے والا آفیسر اس کا ٹرانسفر بھی درج کرے گا، بابر حیات تارڑ

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری جمعرات 6 مئی 2021 20:34

حکومت پنجاب کا اسٹامپ پیپرز ختم کرنے کا فیصلہ
لاہور(اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 6مئی 2021) حکومت پنجاب کا اسٹامپ پیپرز ختم کرنے کا فیصلہ، جائیداد کی رجسٹری سادہ کاغذ پر کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق ممبر بورڈ آف ریونیو بابرحیات تارڑ کے مطابق جائیدادوں کی رجسٹری سادہ کاغذ پر ہوگی،سفید کاغذ پر لکھی رجسٹری پر تین بار کوڈ لگائے جائیں گے، فیصلے پر اس سال پنجاب بھر میں عمل درآمد شروع ہوگا۔

بابر حیات تارڑ نے کہا کہ اسٹامپ پیپرز ختم ہونے سے حکومت کو ایک ارب روپے سے زائد کی بچت ہوگی، رجسٹری درج کرنے والا ا?فیسر اس کا ٹرانسفر بھی درج کرے گا۔انہوں نے کہا کہ تمام پٹوار خانے سرکاری عمارتوں میں منتقل کرنے کا حکم جاری کردیا ہے، زرعی انکم ٹیکس اور آبیانہ سمیت دیگر نادہندگان کو گرفتار کیا جائے گا۔ہر تحصیل میں حوالات بنا کر نا دہندہ کو15 روز تک قید رکھا جاسکے گا، ممبر بورڈ اف ریونیو بابرحیات تارڑ نے بتایا کہ پنجاب میں ریکوری کا نظام بہت بہتر ہوا ہے اسے مزید فعال بنا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ اسٹامپ پیپر ایک ایسا کاغذ ہوتا ہے جس کی پیشانی پر اس کی مالیت لکھی ہوتی ہے اور باقی حصہ خالی ہوتا ہے،اسٹامپ پیپر حکومت جاری کرتی ہے اس کی رقم قومی خزانے میں جمع کروائی جاتی ہے جبکہ اس اسٹامپ پیپر کو فروخت کرنے والے اسٹامپ فروش کو معمولی کمیشن چار فیصد سے پانچ فی صد تک دیا جاتا ہے، عدالت میں کوئی درخواست دائر کرنےاور کسی سے کاروباری معاہدہ کرنے اور جائیداد فروخت کرنے یا کسی کے نام کروانے کیلئے اسٹامپ پیپر کی ضرورت ہوتی ہے، سٹامپ پیپر حلف نامہ ، اقرار نامہ ، ایگریمنٹس سمیت مختلف معاہدوں کے لئے استعمال ہوتا ہے۔