بحرین نے بین الاقوامی فضائی سفر میں کوروناٹریول پاسپورٹ کی جانچ شروع کردی

آزمائشی عمل خلیج سے لندن، ایتھنز اور سنگاپور جانے والی پروازوں سے شروع کیاگیا ہے،بحرینی حکام

اتوار 9 مئی 2021 13:55

منامہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مئی2021ء) بحرین نے بین الاقوامی فضائی ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (ایاٹا)کے خصوصی ہیلتھ پاسپورٹ کی طرف سے جاری کووِڈ19ٹریول پاسپورٹ کی جانچ کا عمل شروع کردیا ہے۔ بحرین نے کرونا ٹریول پاسپورٹ کا آزمائشی عمل خلیج سے لندن، ایتھنز اور سنگاپور جانے والی پروازوں سے شروع کیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق بائیو میٹرک پاسپورٹ رکھنے اور ان مقامات کی طرف سفر کرنے والے مسافر اس تجربے کے عمل سے گذرسکیں گے۔

یہ پاسپورٹ ان مسافروں کوکرونا کی جانچ پڑتال کرنے یا اس کی ویکسین کے بارے میں حکومتی تقاضوں پر عمل درآمد کے ساتھ مسافروں کو سفر کی آسان اور محفوظ سہولت فراہم کریں گے۔ کووِڈ19ٹریول پاسپورٹ کے اجرا میں بحرین کوایاٹاکا خصوصی تعاون حاصل ہے۔

(جاری ہے)

یہ سروس بحرین ، ایاٹا اور خلیجی فضائی کمپنیوں کیدرمیان تعاون کا حصہ ہے۔معاہدے کے تحت گلف ایئر کے مسافر ایک ایساڈیجیٹل پاسپورٹ تشکیل دے سکیں گے جس کی مدد سے وہ اپنے سفری پروگراموں کو(کووِڈ19)کے صحت کے تقاضوں سے ہم آہنگ کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے یہ مسافر صحت کی ضروریات اور شرائط کو پورا کرتے ہیں۔

بحرین پہلا ملک ہے جو ایاٹاہیلتھ پاسپورٹ ٹرائل میں اپنی قومی فضائی کمپنی کے ساتھ شامل ہورہا ہے تاکہ وہ ایک ہی وقت میں کوڈ19کے رسک مینجمنٹ کے ساتھ عالمی سطح پر دوبارہ فضائی سروس کی راہ ہموار کرسکے۔انٹرنیشنل ایئر ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (آئی اے ٹی ای)نے بحرین کے متعدد اسپتالوں کو اختیار دیا ہے کہ وہ ایپ کے ذریعے مسافروں کو (کووِڈ19) کے نتائج بھیجیں۔ایاٹا ہیلتھ پاسپورٹ ایپ میں سفری ضروریات کا ایک مربوط ریکارڈ ہوگا جس میں سفر اور کسی دوسرے ملک میں داخلے کی شرائط کے بارے میں درست معلومات حاصل کی جاسکیں گی۔