کورونا کا شکار ہونیوالے سابق آل راؤنڈر عبد الرزاق صحت یاب کی جانب گامزن

بہتر محسوس کر رہا ہوں لیکن اب بھی کافی کمزوری ہے، ڈاکٹرزکےمطابق صحتیابی کیلئے کچھ دن اور آرام کرنے کی ضرورت ہے: کوچ خیبر پختونخوا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 10 مئی 2021 15:04

کورونا کا شکار ہونیوالے سابق آل راؤنڈر عبد الرزاق صحت یاب کی جانب گامزن
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 10 مئی 2021ء ) کورونا کا شکار ہونے والے سابق آل راؤنڈر عبد الرزاق تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں۔ خیبر پختونخوا کے ہیڈ کوچ عبدالرزاق کا ایک ٹیسٹ منفی آچکا ہے لیکن وہ اب بھی قرنطینہ میں ہیں۔ عبدالرزاق کا کہنا تھا کہ میں اب بہتر محسوس کر رہا ہوں لیکن اب بھی کافی کمزوری ہے، ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ مجھے مکمل صحت یاب ہونے کے لئے کچھ دن اور آرام کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے اپنے ہم وطنوں سے بھی یہ درخواست کی کہ وہ ماسک پہنیں اور کوویڈ 19 کے ایس او پیز پر سختی سے عمل کریں۔

(جاری ہے)

41 سالہ عبدالرزاق نے 46 ٹیسٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے 28.61 کی اوسط سے 1946 رنز بنائے جس میں 3 سنچریاں اور 7 نصف سنچری شامل ہیں ۔ انہوں نے 36.94 کی اوسط سے 100 وکٹیں بھی حاصل کیں۔ عبدالرزاق نے 265 ون ڈے میچوں میں 29.70 کی اوسط سے 5080 رنز بنائے جس میں تین سنچریاں اور 23 نصف سنچریاں شامل ہیں، انہوں نے 31.83 کی اوسط سے 269 وکٹیں حاصل کیں۔

اپنے ٹی ٹونٹی کیریئر میں لاہور میں پیدا ہونے والے سابق آل رائونڈر نے 32 میچوں میں 20.68 کی اوسط سے 393 رنز بنائے، انہوں نے 19.75 کی اوسط سے 20 وکٹیں بھی حاصل کیں۔