Live Updates

مسلم لیگ ن کا حکومت پر نوازشریف اور مریم نواز کی جاسوسی کا الزام

سلطنت عمرانیہ میں ایک سے بڑھ کر ایک چاپلوس اور خوشامدی موجود ہے ، عمران خان کے انڈرٹریننگ منشی کہتے ہیں شہباز شریف کو باہر نہیں جانے دیں گے ، پہلے یہی ٹولہ نواز شریف اور مریم نواز کی جاسوسی کرتا رہا۔ ترجمان ن لیگ پنجاب عظمیٰ بخاری کی پریس کانفرنس

Sajid Ali ساجد علی پیر 10 مئی 2021 17:14

مسلم لیگ ن کا حکومت پر نوازشریف اور مریم نواز کی جاسوسی کا الزام
لاہور ( اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 10 مئی 2021ء ) پاکستان مسلم لیگ ن نے حکومت پر نوازشریف اور مریم نواز کی جاسوسی کا الزام عائد کردیا ، ن لیگ پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری کہتی ہیں کہ سلطنت عمرانیہ کا چاپلوس ٹولہ نواز شریف اور مریم نواز کی جاسوسی کرتا رہا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں ایک پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ سلطنت عمرانیہ میں ایک سے بڑھ کر ایک چاپلوس اور خوشامدی موجود ہے ، عمران خان کے انڈرٹریننگ منشی کہتے ہیں شہباز شریف کو باہر نہیں جانے دیں گے ، پہلے یہی ٹولہ نواز شریف اور مریم نواز کی جاسوسی کرتا رہا۔

ن لیگ پنجاب کی ترجمان نے کہا کہ حکومت نیب ، ایف آئی اے کی طرح عدالت کو بھی کنٹرول اور ڈکیٹ کرنا چاہتی ہے، شریف فیملی اور مسلم لیگ ن نے چار سال انتقامی احتساب بھگت لیا ، اب نئے پاکستان کے جعلی کاریگروں اور ڈینٹنگ، پینٹنگ کرنے والوں کی باری ہے ، اسی لیے حکومت آج شہباز شریف کو عدالت سے ریلیف ملنے پر پریشانی میں مبتلا ہے جب کہ عمران خان اپنے انجام کی فکر کریں۔

(جاری ہے)

عظمیٰ بخاری معاون خصوصی پنجاب فردوس عاشق اعوان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ’خادمہ جی‘ مرغی کے گوشت نے 4 سنچریاں حکومتی سرپرستی میں کراس کرلیں ، چینی مافیا کے بعد اب مرغی مافیا بھی حکومت سے طاقتور ہوگیا ہے ، جو کام کرنے کا ہے وہ آپ سے ہوتا نہیں ہے، آپ کام کے نہ کاج کے دشمن اناج کے ، اگر ہماری نشاندہی پر بھی آپ کو ہوش نہ آئے تو اقتدار کی کرسی چھوڑ دیں۔

دوسری طرف قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ ن کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف کی ضمانت منظوری کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا ، نیب لاہور کی طرف سے پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی لاہور ہائی کورٹ کی طرف سے کی گئی ضمانت منظوری کو چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ، اس ضمن میں ڈی جی نیب کی جانب سے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کے حوالے سے مشاورت کی گئی ، اس دوران ڈپٹی پراسیکیوٹرجنرل خلیق الزمان نے فل بینچ کے فیصلے سے متعلق بریفنگ دی ، بریفنگ میں بتایا گیا کہ شہبازشریف منی لانڈرنگ ریفرنس کے مرکزی ملزم ہیں ، جسٹس اسجد گھرال نے شہباز شریف کی ضمانت مسترد کرنے کا اختلافی نوٹ لکھا تھا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات