ٓعالم اسلام فلسطینی مزاحمتی تحریکوں کی مالی، سفارتی اور عسکری مدد کرے، علامہ سبطین سبزواری

اوآئی سی، عرب لیگ کا فلسطین اور بیت المقدس کی جدوجہد آزادی میں عملی کردار نظر نہیں آرہا

بدھ 12 مئی 2021 21:07

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 مئی2021ء) شیعہ علماء کونسل شمالی پنجاب کے صدر علامہ سید سبطین حیدر سبزواری نے کہا ہے کہ موجودہ دور امت مسلمہ کی بیداری کا زمانہ ہے مگر افسوس اسلامی تعاون تنظیم اوآئی سی اور عرب لیگ کا فلسطین اور بیت المقدس کی جدوجہد آزادی کے لیے کوئی عملی کردار نظر نہیں آرہا۔ یہ کاغذی تنظیمیں ثابت ہوئی ہیں جنہوں نے صرف بیان بازی کی ہے۔

عملی اقدامات نہیں اٹھائے ۔ جامعة النجف میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ فلسطینی مائیں بہنیں بیٹیاں مدد کے لیے پکار رہی ہیں مگر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی کے ساتھ ،مسلم حکمران نہ صرف سوئے ہوئے ہیں بلکہ عرب بادشاہتیں تو یہود و نصاریٰ کے پشتیبان بنے ہوئے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ عالم اسلام کو اپنی قوت کا مظاہرہ کرتے ہوئے فلسطینی مزاحمتی تحریکوں کی مالی، سفارتی اور عسکری مدد کرنی چاہیے۔

(جاری ہے)

تاکہ وہ بیت المقدس کی آزادی کی جنگ لڑ سکیں ۔ شیعہ علماء کونسل کے صوبائی صدر نے کابل میں شیعہ ہزارہ کے علاقے میںسید الشہداء مدرسے میں تکفیری داعش گروہ کی طرف سے بچیوں کی شہادت پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت افغانستان سے عراق اور شام سے داعش کا صفایا ہونے کے جرائتمندانہ اقدامات اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے۔