پنجاب میں نئے میوزیم بنانے کا جامع منصوبہ شروع کیا گیا ‘ مشیر وزیراعلیٰ

ْتاریخی مقامات کو محفوظ اور مزید پرکشش بنانے کا منصوبہ جاری ہے‘ سیکرٹری ٹورازم احسان بھٹہ

پیر 17 مئی 2021 14:24

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 مئی2021ء) مشیر وزیراعلیٰ برائے سیاحت و آثار قدیمہ آصف محمود نے تاریخی ورثے کی حفاظت کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ عجائب گھر تاریخ کو محفوظ رکھنے کا اہم ذریعہ ہوتا ہے۔ پنجاب میں نئے میوزیم بنانے کا ایک جامع منصوبہ شروع کیا گیا ہے۔ عجائب گھروں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ اس سال کا موضوع ’’عجائب گھروں کا مستقبل: بحالی و تصور نو‘‘ ایک اچھا تھیم ہے جس پر پنجاب حکومت پہلے ہی کام کر رہی ہے۔

مشیر سیاحت نے کہا کہ کلرکہار اور گجرات میں نئے میوزیم بنائے جا چکے ہیں جبکہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر ملتان میں بھی میوزیم بنایا جائے گا۔ مشیر سیاحت نے کہا کہ ہڑپہ، ٹیکسلا اور موہنجوڈارو جیسی عظیم تہذیبوں کے آثار کی حفاظت ضروری ہے۔

(جاری ہے)

اسی لئے پاکستان میں تاریخی نوادرات کی حفاظت کے لئے کئی میوزیم قائم ہیں۔ ورلڈ میوزیم ڈے پر عجائب گھروں اور ان میں موجود نوادرات کی حفاظت کا عزم کرنا ہوگا۔

آصف محمود نے محکمہ آرکیالوجی کے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ قلعہ روہتاس میوزیم کی تزئین نو کے لئے بھی کام شروع کر دیا گیا جبکہ قلعہ لاہور میوزیم کی گیلریز کو بھی اپ گریڈ کر رہے ہیں۔ ورلڈ میوزیم ڈے پر اپنے پیغام میں سیکرٹری ٹورازم اینڈ آرکیالوجی احسان بھٹہ نے کہا کہ آنے والی نسلوں کو اپنے شاندار ماضی سے جوڑنے کے لئے میوزیم ایک مفید ذریعہ ہے۔

مشیر وزیراعلیٰ کی زیرنگرانی تاریخی مقامات کو محفوظ اور مزید پرکشش بنانے کا منصوبہ جاری ہے۔ ٹیکسلا میوزیم میں نئے آڈیٹوریم کی تعمیر پر کام ہو رہا ہے۔ لاہور قلعہ کی گیلریز میں نمی کنٹرول کرنے، لائٹنگ اور بحالی پر 39 ملین خرچ کریں گے۔ احسان بھٹہ نے کہا کہ ورلڈ میوزیم ڈے پر تاریخی ورثے کو محفوظ بنانے کا عزم کرنا ہوگا تاکہ ہم اپنے تہذیبی ورثے کی حفاظت کا حق ادا کر سکیں۔