گلوکارہ آریانا گرانڈے شادی کے بندھن میں بندھ گئیں

منگل 18 مئی 2021 23:08

نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 مئی2021ء) امریکی ریپر و گلوکارہ آریانا گرانڈے نے منگنی کے 5 ماہ بعد خاموشی سے شادی کرکے نئی زندگی کا آغاز کردیا۔غیر ملکی میڈیا نے اپنی رپورٹ میں شوبز ویب سائٹ ٹی ایم زیڈ اور گلوکارہ کے ترجمان کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ آریانا گرانڈے نے رواں ہفتے شادی کی تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ انہوں نے کس دن شادی کی۔

ترجمان نے آریانا گرانڈے کی شادی کی تصدیق 17 مئی کو کی اور اسی دن امریکا میں نئے ہفتے کا آغاز ہوا، خیال کیا جا رہا ہے کہ گلوکارہ نے 17 مئی کو ہی شادی کی ہوگی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ آریانا گرانڈے نے منگیتر 25 سالہ ڈالٹن گومز سے اپنی رہائش گاہ پر انتہائی محدود مہمانوں کی موجودگی میں شادی کی۔دنیا کی معروف ترین اور امیر گلوکارائوں میں شمار ہونے والی آریانا گرانڈے نے کروڑ پتی صنعت کار ڈالٹن گومز سے محض 20 مہمانوں کی موجودگی میں شادی کی تقریب منعقد کی۔

(جاری ہے)

شوبز ویب سائٹ ٹی ایم زیڈ کے مطابق دونوں نے آریانا گرانڈے کی رہائش گاہ پر انتہائی قریبی رشتہ داروں اور دوستوں کی موجودگی میں سادگی سے شادی کی اور ان کی شادی سے یقینا بہت سارے رشتہ دار خوش نہیں ہیں۔اگرچہ آریانا گرانڈے کے ترجمان نے ان کی شادی کی تصدیق کی لیکن گلوکارہ نے شادی کی کوئی تصویر یا پوسٹ سوشل میڈیا پر شیئر نہیں کی۔آریانا گرانڈے نے دسمبر 2020 میں ڈالٹن گومز سے چند ماہ تک تعلقات میں رہنے کے بعد منگنی کی تھی اور جلد شادی کا ارادہ بھی ظاہر کیا تھا۔