قوم فلسطینیوں کی مدد کیلئے آگے بڑھے، چیئرمین ہلال ِاحمر ابرار الحق

ہلالِ احمر اور یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز سنٹر کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط

Umer Abdur Rehman Janjua عمر عبد الرحمن جنجوعہ منگل 1 جون 2021 15:32

قوم فلسطینیوں کی مدد کیلئے آگے بڑھے، چیئرمین ہلال ِاحمر ابرار الحق
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ یکم جون2021ء،نمائندہ خصوصی،عمر جنجوعہ) ہلال ِاحمر غزہ متاثرین کی بھرپور مدد کیلئے کوشاں ہے، آخری زخمی فلسطینی کے مکمل صحت یاب ہونے تک ہلال ِاحمر پاکستان کے ساتھ مل کر جدوجہد جاری رکھے گی۔ مجھے عطیات مانگنے کیلئے اگر گھر گھر بھی جانا پڑا تو جائیں گے۔ میں فلسطینیوں کے زخموں پر مرہم رکھنے کیلئے تمام تر کوششیں بروئے کار لاؤں گا اور صدرِ مملکت جناب ڈاکٹر عارف علوی کو کریڈٹ دوں گا کہ انہوں نے ہلالِ احمر پر اعتماد کیا اور ہلالِ احمر کو امدادی کاموں میں حصہ لینے کی ہدایت کی۔

اِن خیالات کا اظہار ہلال ِاحمر کے چیئرمین ابرار الحق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اِس موقع پر فلسطین کے سفیر جناب احمد رابے، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے ڈاکٹر جاوید اکرم، سہارا فاؤنڈیشن کے اسرار الحق بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

چیئرمین ہلال ِاحمر جناب ابرار الحق نے قوم سے اپیل کی کہ وہ ہلالِ احمر کو نقد عطیات دیں، ادویہ ساز ادارے ادویات دیں، ہم پہلی کھیپ میں خیمے، تیل والے چولہے، کمبل گھریلو ضرورت کی اشیاء اور ادویات بھجوا رہے ہیں۔

اِس موقع پر ابرار الحق نے ہلالِ احمر سے متعلق سے بتایا کہ یہ ادارہ دنیا کا سب سے بڑا ادارہ ہے، جو 194 ممالک میں اپنی موجودگی رکھتا ہے اور دنیا میں کہیں بھی قدرتی آفات اور سانحات ہوں تو متاثرین کی مدد کو پہنچتا ہے۔انہوں نے کہا کہ غزہ کی صورتحال تشویشناک ہے یہاں ہزاروں گھر تباہ ہو چکے ہیں، ہسپتالوں کی عمارتیں، سکولززمین بوس ہیں، ایسی صورتحال میں فلسطینیوں کی مدد اور علاج معالجہ، انفراسٹرکچر کی بحالی ضروری ہے۔

انہوں نے مخیر حضرات اور قوم سے ایک بار پھر عطیات دینے کی اپیل کی ہے، پریس کانفرنس کے دوران فلسطین کے سفیر جناب احمد رابے نے حکومتِ پاکستان، پاکستانی قوم اور امدادی اداروں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام مشکلات سے دوچار ہے،ہمیں طبّی سہولیات کی سخت ضرورت ہے، انہوں نے جذبہ خیر سگالی کو سراہا اور ہلال ِ احمر پاکستان کے حالیہ اقدامات کو قابلِ رَشک قرار دیا۔

یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے ڈاکٹر جاوید اکرم نے کہا کہ غزہ کے مسلمانوں کی مدد ہم سب کا فرض ہے، ہماری ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکس کی ٹیم مکمل تیار ہیں، ہم غزہ کے بھائیوں کی بھرپور طبّی امداد کرنے کے خواہاں ہیں،فی الحال القدس ہسپتال میں ٹیلی میڈیسن کی پریکٹس جاری ہے۔ اِس موقع پر انہوں نے ہلالِ احمر کے چیئرمین کو ایمبولینس کی علامتی چابی بھی پیش کی، فلسطینی سفیر کی موجودگی میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے.