کینیڈا میں پاکستانی نژاد فیملی کے ساتھ واقعہ میں اسلامو فوبیا کا عنصر موجود ہے ،شاہ محمود قریشی

میرے نزدیک دہشتگردی کا واقعہ ہے ،پولیس کا رویہ اطمینان بخش ہے ، میتیں قابل شناخت نہیں ، یہ بہت بڑا لمیہ ہے ،کینیڈین حکومت مسلمانوں کے اعتماد کو بحال کرنے اور ان کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں،جب تک مکمل رپورٹ سامنے نہیں آ جاتی، کچھ بھی حتمی طور پر نہیں کہا جا سکتا، وزیر خارجہ کا بیان

منگل 8 جون 2021 14:18

کینیڈا میں پاکستانی نژاد فیملی کے ساتھ واقعہ میں اسلامو فوبیا کا عنصر ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 جون2021ء) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ کینیڈا میں پاکستانی نژاد فیملی کے ساتھ واقعہ میں اسلامو فوبیا کا عنصر موجود ہے ،میرے نزدیک دہشتگردی کا واقعہ ہے ،پولیس کا رویہ اطمینان بخش ہے ، میتیں قابل شناخت نہیں ، یہ بہت بڑا لمیہ ہے ،کینیڈین حکومت مسلمانوں کے اعتماد کو بحال کرنے اور ان کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں،جب تک مکمل رپورٹ سامنے نہیں آ جاتی، کچھ بھی حتمی طور پر نہیں کہا جا سکتا- منگل کو وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کینیڈا میں پاکستانی نژاد فیملی کے ساتھ پیش آنے والے المناک واقعہ کے حوالے سے اہم بیان میں کہاکہ واقعہ اتوار رات 8 بجے رونما ہوتا ہے ،اہل خانہ کو اطلاع اگلے روز دی جاتی ہے - شاہ محمود قریشی نے کہاکہ متاثرہ فیملی کے ساتھ پہلا رابطہ ٹورانٹو میں ہمارے قونصل جنرل کا ہوا ،فیملی، اس المناک سانحہ کے باعث کرب کا شکار ہے - وزیر خارجہ نے کہاکہ ہم نے ان کو میتیں پاکستان بھجوانے کی پیشکش کی - انہوںنے کہاکہ متاثرہ فیملی نے وہیں تدفین کرنے کے متعلق آگاہ کیا ،تین بے گناہ، بے قصور نسلیں اس واقعہ سے متاثر ہوئی ہیں،پولیس کی تحقیقات کے مطابق اس واقعہ میں اسلاموفوبیا کا عنصر موجود ہے - انہوںنے کہاکہ میرے نزدیک یہ دہشت گردی کا واقعہ ہے، ہمارے قونصل جنرل ٹورنٹو نے بتایا کہ پولیس کا رویہ اطمینان بخش ہے،جو باڈیز ملیں وہ قابلِ شناخت نہیں ،ابھی تک پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ یہ بہت بڑا المیہ ہے،میں بطور وزیر خارجہ پاکستان،کینیڈین وزیر اعظم سے کہوں گا کہ یہ ان کے معاشرے کا امتحان ہے ۔ انہوںنے کہاکہ وہ کینیڈا میں مقیم مسلمانوں کے اعتماد کو بحال کرنے کیلئے اور ان کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں-شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہماری آنکھیں اس غم میں نم ہیں-مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہاکہ میں کینیڈا میں مقیم پاکستانیوں سے اپیل کروں گا کہ اس متاثرہ خاندان کے ساتھ مل کر اظہارِ یکجہتی کریں، اگر نماز جنازہ میں شرکت کی اجازت ملتی ہے تو فزیکلی شامل ہوں ورنہ غائبانہ نماز جنازہ ادا کریں-انہوںنے کہاکہ ابھی تک ملنے والی اطلاعات کے مطابق یہ فیزیوتھراپسٹ تھے پڑھے لکھے شخص تھے ان کا پاکستان میں تعلق لاہور سے تھا -انہوںنے کہاکہ جب تک مکمل رپورٹ سامنے نہیں آ جاتی، کچھ بھی حتمی طور پر نہیں کہا جا سکتا-