سعودی عرب واپس جانے سے قاصر محنت کش پاکستانیوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں

سعودی حکومت نے بیرون ملک پھنسے تارکین وطن کے اقامہ، ویزہ کی مدت اور چھٹیوں میں 31 جولائی تک اضافہ کر دیا

muhammad ali محمد علی منگل 8 جون 2021 19:09

سعودی عرب واپس جانے سے قاصر محنت کش پاکستانیوں کو پریشان ہونے کی ضرورت ..
ریاض ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 08 جون 2021ء ) سعودی عرب واپس جانے سے قاصر محنت کش پاکستانیوں کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ تفصیلات کے مطابق تفصیلات کے مطابق سعودی حکومت نے کرونا وبا کے پھیلاو کی وجہ سے ایک سال سے زائد عرصے کے بعد گزشتہ ماہ 17 تاریخ کو اپنی فضائی اور زمینی سرحدیں کھول دی تھیں۔ تاہم پاکستان سمیت کئی ممالک سے پروازوں کی سعودی عرب آمد پر تاحال پابندی عائد ہے۔

سعودی حکام کے مطابق مذکورہ ممالک میں کرونا کی تشویش ناک صورتحال کی وجہ سے سفری پابندیاں برقرار رکھی گئی ہیں۔ اس صورتحال میں پاکستانی محنت کشوں کی بڑی تعداد تاحال پاکستان میں پھنسی ہوئی ہے۔ یہ پاکستانی چھٹیوں پر ملک واپس آئے تھے، تاہم پھر سفری پابندیوں کی وجہ سے سعودی عرب واپس نہیں جا سکے۔

(جاری ہے)

اب سعودی حکومت نے ایسے تمام تارکین وطن کیلئے اہم ریلیف کا اعلان کیا ہے۔

سعودی حکومت نے بیرون ملک پھنسے تارکین وطن کے اقامہ کی مدت اور چھٹیوں میں 31 جولائی تک اضافہ کر دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ پاکستان سمیت 20 ایسے ممالک جن کے شہریوں کو سعودی عرب آمد کی اجازت نہیں، ان ممالک میں پھنسے محنت کشوں کے اقامہ، ویزے اور چھٹیوں میں 31 جولائی تک خود کار نظام کے تحت مفت توسیع کر دی گئی ہے۔ اس سے قبل گزشتہ ماہ بھی سعودی فرمانروا کے حکم پر بیرون ملک پھنسے تارکین وطن کے اقاموں، وزٹ ویزے اور خروج و عودہ کے ویزوں کی مدت میں خود کار نظام کے تحت توسیع کر دی گئی تھی۔

جبکہ تاحال یہ واضح نہیں پاکستانیوں سمیت دیگر ممالک کے محنت کشوں کو کب سعودی عرب واپس جانے کی اجازت ملے گی۔ واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ ایک سال کے دوران سعودی حکومت متعدد مرتبہ بیرون ملک پھنسے تارکین وطن کے اقاموں اور ویزوں کی مدت میں توسیع کر چکی ہے۔