کے پی ایل کیلئے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ 3 جولائی کو ہو گی

ڈرافٹنگ پول میں 7 کیٹیگری رکھی گئی ہیں ،ڈرافٹنگ کیٹیگری میں آئیکن ، اورسیز،پلاٹینیم، ڈائیمنڈ، گولڈ، سیلور اور ایمرجنگ کیٹیگری شامل ہو گی

ہفتہ 12 جون 2021 17:08

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2021ء) کشمیر پریمئر لیگ کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ تاریخ کا اعلان کر دیا گیا جس کے مطابق کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ 3 جولائی کو ہو گی۔ہفتہ کو اسلام آباد میں کشمیر پریمیر لیگ کی رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی جس میں چیئرمین کشمیر کمیٹی شہریار آفریدی، وفاقی وزیر اقتصادی امور عمر ایوب،صدر کے پی ایل عارف ملک اور سی ای او چوہدری شہزاد ،ٹیم فرنچائیز مالکان نے شرکت کی۔

تقریب کے دور ان کشمیر پریمئر لیگ کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ تاریخ کا اعلان کرتے ہوئے بتایاگیاکہ کے پی ایل کے لیے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ 3 جولائی کو ہو گی،ڈرافٹنگ کے ذریعے نیشنل، انٹرنیشنل اور ایمرجنگ کھلاڑیوں کو منتخب کیا جائے گا،کے پی ایل ڈرافٹنگ پول میں 7 کیٹیگری رکھی گئی ہیں ،ڈرافٹنگ کیٹیگری میں آئیکن ، اورسیز،پلاٹینیم، ڈائیمنڈ، گولڈ، سیلور اور ایمرجنگ کیٹیگری شامل ہو گی۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر کرکٹ آپریشن کے پی ایل تیمور خان نے کہاکہ کشمیر پریمیر لیگ انٹرنیشنل سطح کی لیگ ہو گی۔ انہوںنے کہاکہ کشمیر پریمیر لیگ میں شاہد آفریدی جیسے لیجنڈ کھلاڑی ایکشن مین نظر آئیں گے۔ انہوںنے کہاکہ کشمیر پریمئر کا انعقاد عالمی معیاد کو مد نظر رکھ کے کیا جا رہا ہے،کے پی ایل کی ڈرافٹنگ میں غیر ملکی کھلاڑی بھی شامل ہوں گے۔ انہوںنے کہاکہ ڈرافٹ میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی کیٹیگری میں تلکرتنے دلشان، حرشل گبز، اویس شاہ، ٹینو بیسٹ اور ایلبی مورکل شامل ہیں ،ڈرافٹ میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی کیٹیگری میں ویرون فیلینڈر، مونٹی پینیسار، میٹ پرائر، ریان سائڈباٹم، کرس ٹریپلیٹ اور فل مسٹرڈ شامل ہیں ۔

انتظامیہ کے مطابق باغ سٹالینز پلاٹینم پک میں پہلا نمبر،کوٹلی لائینز کا پلاٹینم پک میں دوسرا نمبر،مظفرآباد ٹائیگر کا پلاٹینم پک میں تیسرا نمبر،میرپور رائلز کا پلاٹینم پک میں چوتھا نمبر،اوورسیز وارئیرز کا پلاٹینم پک میں پانچواں نمبر،راولاکوٹ کوٹ کا پلاٹینم پک میں آخری نمبر پر ہے ۔صدر کے پی ایل عارف ملک نے کہاکہ کشمیر پریمئر لیگ کا مقصد نوجوان ٹیلنٹ سامنے لانا ہے،کے پی ایل کے انعقاد سے پاکستان کا مثبت امیج دنیا بھر میں جائے گا،کے پی ایل کے بعد کھلاڑیوں کے لیے آزاد کشمیر میں ہائی پرفارمنس سینٹر بنائیں گے،ہائی پرفارمنس سینٹر میں کھلاڑیوں کو تربیت دی جائے گی۔

انہوںنے کہاکہ کے پی ایل کی ہر ٹیم میں دو کشمیر نوجوان پلئینگ الیون کا حصہ ہوں گے،کشمیری نوجوانوں کو ٹیلنٹ دیکھانے کا بہترین موقع ہے،ہر ٹیم میں 5 کشمیر کھلاڑی ہوں گے جبکہ دو پلئینگ الیون می ہوں گے۔ انہوںنے کہاکہ پی سی بی نے کشمیر پریمیر لیگ کی منظوری دی ہے،کے پی ایل اور حکومت آزدکشمیر کا مظفرآباد کرکٹ سٹیڈیم کا معاہدہ ہوا ہے،مظفرآباد کرکٹ سٹیڈیم 13 سال کیلئے کشمیر پریمیر لیگ کے پاس رہے گا۔ انہوںنے کہاکہ کشمیر پریمئر لیگ کوبھرپور سپورٹ کرنے پر حکومت پاکستان، حکومت آزاد کشمیر اور پی سی بی کے شکر گزار ہیں،کے پی ایل کو سپورٹ کرنے پر میڈیا کا بھی شکر گزار ہوں۔