پنجاب حکومت کاکورونا ویکسی نیشن تیز کرنے کیلئے اختراعی اقدامات کا فیصلہ

وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیر صدارت اجلاس میں ڈورٹو ڈور، ڈرائیو تھرو ویکسی نیشن سمیت دیگر تجاویز پرغور کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز ویکسی نیشن کی رفتار بڑھانے کیلئے اپنی تخلیقی صلاحیتیں بروئے کار لائیں‘ چیف سیکرٹری کی ہدایت

ہفتہ 12 جون 2021 20:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2021ء) پنجاب حکومت نے صوبے میں کورونا ویکسی نیشن کی رفتار تیز کرنے کیلئے اختراعی اقدامات کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں اضلاع میں ڈورٹو ڈور اور ڈرائیو تھرو ویکسی نیشن سمیت دیگر تجاویز زیر غور ہیں۔فیصلہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا جس میں چیف سیکرٹری پنجاب، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، محکمہ صحت کے سیکرٹریز اور اعلی سول و عسکری حکام نے شرکت کی جبکہ تمام ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے میں چار لاکھ 30ہزارافراد کو روزانہ ویکسیئن لگانے کا نظر ثانی شدہ ہدف مقرر کیا گیا ہے اورہر ڈویژن کو نئے اہداف سے متعلق آگاہ کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

لاہور ڈویژن کو 97ہزار(بشمول 60ہزار ضلع لاہور)، ڈی جی خان کو12ہزار، بہاولپور کو25ہزارنوسو افراد کو روزانہ ویکسیئن لگانے کا ہدف دیا گیا ہے۔ اسی طرح سرگودھا ڈویژن کیلئے 21ہزار، راولپنڈی کیلئے 59ہزار دوسو، ساہیوال کیلئی18ہزارپانچ سو،ملتان ڈویژن کیلئے 44ہزارچارسو، گوجرانوالہ کیلئے 77ہزارسات سو اور فیصل آباد کیلئی74ہزار روزانہ کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ این سی او سی کی گائیڈ لائینز کے مطابق مقرر کردہ اہداف کو ہر صورت پورا کرنا ہوگا۔ نہوں نے کہا کہ لوگوں کی سہولت کیلئے 677سینٹرز کے علاوہ223موبائل ویکسی نیشن کیمپس بھی قائم کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز نہایت کار آمد ہیومن ریسورس ہیں اور کورونا ویکسی نیشن کے عمل میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہیومن ریسورس کی کمی کو پورا کرنے کیلئے ویکسی نیٹرز کی بھرتی کا عمل جلد مکمل کر لیا جائے گا۔چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ انتظامی افسران ویکسی نیشن کی رفتار بڑھانے کیلئے اپنی تخلیقی صلاحیتیں بروئے کار لائیں۔ انہوں نے کہا کہ ملتان، فیصل آباد،لاہور سمیت دیگر اضلاع میں موبائل ہیلتھ یونٹس کے ذریعے بھی ویکسی نیشن کی جا رہی ہے جس سے دور دراز علاقوں میں ویکسیئن لگانے میں مدد مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئے مقرر کردہ اہداف کا با قاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔ چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنرز سے اضلاع میں قائم ٹاسک فورسز کی جانب سے ویکسی نیشن کیلئے تیار کئے گئے لائحہ عمل سے متعلق رپورٹ بھی طلب کی۔