امریکامیں ڈکیتی کا ملزم ضمانت پر رہا ہوکر دوبارہ بینک لوٹنے پہنچ گیا

ڈالر لوٹنے والا مجرم زیادہ دور نہ جاسکا اورپولیس نے کچھ ہی لمحوں بعدگرفتارکرلیا،حوالات میں بند

اتوار 13 جون 2021 12:50

امریکامیں ڈکیتی کا ملزم ضمانت پر رہا ہوکر دوبارہ بینک لوٹنے پہنچ گیا
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2021ء) امریکی ریاست نیویارک کے ایک بینک میں ڈکیتی کرنے والے شخص کو ضمانت پر رہائی ملی تو ملزم بغیر وقت ضائع کیے دوبارہ ڈکیتی کی واردات کرنے پہنچ گیا۔غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق بینک ڈکیتی کی دلچسپ واردات امریکی ریاست نیویارک کے شہر نیویارک میں پیش آئی جہاں ایک ملزم نے منگل کے روز بینک میں داخل ہوکر کیشئر کو پرچی دی جس پر لکھا تھا کہ میرے پاس پستول ہے اور میں بینک لوٹنے آیا ہوں، میرے بیگ میں پیسے بھر دوں، یہ پیسے میں استعمال کروں گا۔

(جاری ہے)

بینک ملازم نے 2300 ڈالر(تقریبا ساڑھے تین لاکھ روپی)کی رقم ڈکیٹ کے حوالے کی، جسے لیکر وہ بینک سے نکلا مگر بدقسمتی سے کچھ دیر بعد ہی پولیس نے ڈکیت کو گرفتار کرلیا۔پولیس نے ملزم کو عدالت میں پیش کیا تو ملزم کے وکیل نے اسے ضمانت پر رہائی دلوا دی۔ملزم نے بغیر کوئی وقت ضائع کیے عدالت سے نکلتے ہی ڈکیتی کی نیت سے اسی بینک کی دوسری برانچ کا رخ کیا اور بینک سے محض 100 ڈالر (تقریبا 1500 روپی)کی معمولی رقم لوٹی لیکن اس مرتبہ پھر قسمت نے ساتھ نہ دیا اور ملزم بینک سے باہر نکلنے کے کچھ لمحوں بعد پولیس کے ہاتھوں دوبارہ گرفتار ہوگیااورحوالات میں بند کردیاگیا۔