کراچی: چوری شدہ کاریں آن لائن ٹیکسی سروس میں چلنے لگیں

پولیس نے کاریں چوری کرنے والے بین الصوبائی کار لفٹر گینگ کو گرفتار کرلیا، ملزمان میں دو اہم سرکاری ادارے کے ملازمین بھی شامل ہیں ، گرفتارملزمان میں کراچی کا کار لفٹر گروہ اور بلوچستان کا خریداربھی شامل ہے۔ پولیس

Sajid Ali ساجد علی اتوار 13 جون 2021 14:25

کراچی: چوری شدہ کاریں آن لائن ٹیکسی سروس میں چلنے لگیں
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 13 جون2021ء ) صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے شہریوں کی چوری شدہ کاریں آن لائن ٹیکسی سروس میں چلنے لگیں، پولیس نے کاریں چوری کرنے والے بین الصوبائی کار لفٹر گینگ کو گرفتار کرلیا ، ملزمان میں دو اہم سرکاری ادارے کے ملازمین بھی شامل ہیں، گرفتار ملزمان میں سے ایک ملزم معروف کار کمپنی میں ٹیکسی سروس چلواتا ہے، ملزمان آن لائن ٹیکسی سروس کے علاوہ رینٹ پر بھی کاریں دیتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق شہر قائد میں ایس ایس پی اے وی ایل سی عارف اسلم راؤ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گرفتار ملزمان کا تعلق کراچی اوربلوچستان کے علاقے خضدار سے ہے، گرفتار کیے گئے ملزمان کے قبضے سے مختلف علاقوں سے چوری کی گئی 5 کاریں برآمد کی گئیں ، کراچی کے شہریوں کی چوری شدہ کاریں آن لائن ٹیکسی سروس میں چلتی ہیں، گرفتار ملزمان میں سے ایک ملزم معروف کار کمپنی میں ٹیکسی سروس چلواتا ہے، ملزمان آن لائن ٹیکسی سروس کے علاوہ رینٹ پر بھی کاریں دیتے ہیں، گرفتارملزمان میں کراچی کا کار لفٹر گروہ اور بلوچستان کا خریدار بھی شامل ہے ، 3 ملزمان کو اسسٹنٹ کمشنر خضدار نے گرفتار کیا جب کہ ایک کو کراچی میں گرفتار کیا گیا، ملزمان میں 2 اہم سرکاری ادارے کے ملازمین بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

عارف اسلم راؤ کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ رواں سال میں بلدیہ ٹاؤن میں حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوا، جاں بحق شخص کی لاش کو ایمبولینس میں روانہ کیا گیا ، اس دوران ملزمان حادثے کی شکارکار لے اڑے اور کار کو بلوچستان میں سستے داموں فروخت کردیا گیا ، گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے ، تفتیش کی روشنی میں ان کے دیگر ساتھیوں کی تلاش بھی شروع کردی گئی جب کہ ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔