Live Updates

بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا ، ملازمین کی تنخواہیںبڑھائی ہیں ، فرخ حبیب

اقتدار سنبھالتے ہی پی ٹی آئی حکومت کو چیلنجز کا سامنا تھا، (ن)لیگ نے ملک کو دیوالیہ ہونے کے قریب چھوڑا ،موجودہ دور میں تمام سیکٹرز میں ترقی ہوئی مگر اپوزیشن کو نظر نہیں آر ہی، چچا نے پائوں پکڑ لئے، مریم نواز غائب ہیں ،ٹاک شوز میں بیٹھے ہوں تو ذاتی حملہ کرنے سے گریز کرنا چاہیے ، وزیر مملکت

اتوار 13 جون 2021 15:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2021ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ بجٹ میں کوئی نیا ٹیکس نہیں لگایا ، ملازمین کی تنخواہیںبڑھائی ہیں ،اقتدار سنبھالتے ہی پی ٹی آئی حکومت کو چیلنجز کا سامنا تھا، (ن)لیگ نے ملک کو دیوالیہ ہونے کے قریب چھوڑا ،موجودہ دور میں تمام سیکٹرز میں ترقی ہوئی مگر اپوزیشن کو نظر نہیں آر ہی، چچا نے پائوں پکڑ لئے، مریم نواز غائب ہیں ،ٹاک شوز میں بیٹھے ہوں تو ذاتی حملہ کرنے سے گریز کرنا چاہیے ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ اقتدار سنبھالتے ہی پی ٹی آئی حکومت کو چیلنجز کا سامنا تھا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نون نے ملک کو دیوالیہ ہونے کے قریب چھوڑا، ہم نے این ایف سی کا شیئر ماضی کے مقابلہ میں کئی گنا بڑھا دیا ہے۔

(جاری ہے)

فرخ حبیب نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تمام سیکٹرز میں ترقی ہوئی مگر اپوزیشن کو نظر نہیں آر ہی۔

انہوں نے کہا کہ ترقی کی شرح اگر نظر نہیں آ رہی تو بلاول اور شہباز کو نظر نہیں آ رہی، اپوزیشن کی کرپشن کی گروتھ رک گئی ہے۔وزیرِ مملکت نے کہا کہ مریم نواز اس لیئے غائب ہیں کیوں کہ چچا نے پاؤں پکڑ لیے ہیں، ابھی تک ان کا فیصلہ نہیں ہوا کہ کس نے کیا کرنا ہی ۔فرخ حبیب نے کہا کہ بلاول بھٹو اور شہباز شریف سیاست کے بہت بڑے رانگ نمبر ہیں، ان لوگوں نے بجٹ تقریر کا ایک لفظ نہیں سنا، کیسے کہہ رہے ہیں کہ اعداد و شمار غلط ہیں۔

انہوںنے کہاکہ نون لیگ کی حکومت 80 کروڑ روپے ماحولیات پرخرچ کر رہی تھی، اس بجٹ میں ساڑھے 14 ارب روپے ماحولیات کے لیے رکھا ہے، دنیا کے تمام فورمز پر ماحولیات کیلئے وزیرِ اعظم عمران خان کے اقدامات کو سراہا جا رہا ہے، سبسڈی کی مد میں 642 ارب روپے تک رقم بڑھا دی ہے۔وزیرِ مملکت نے کہا کہ ہم نے آمدن کو بڑھایا اور حکومتی اخراجات کو کم کیا ہے، پرائمری بیلنس کو سرپلس پر لے آئیں گے، ماضی کے قرضوں کی قسطوں پر 3 ہزار ارب روپے ادا کرنا پڑ رہے ہیں، پاکستان واحد ملک ہے جس کی معیشت 4 فیصد سے بڑھ رہی ہے۔

انہوںنے کہاکہ کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت بہت انقلاب برپا ہونے جا رہا ہے، کامیاب پاکستان پروگرام سے 40 لاکھ خاندانوں کو نیچے سے اوپر لانا چاہتے ہیں۔وزیرِ مملکت برائے اطلاعات فرخ حبیب نے کہا کہ کم آمدنی والے افراد کو گھروں کی تعمیر کیلئے اور کسانوں کو سستے قرضے دیئے جائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ ٹاک شوز میں بیٹھے ہوں تو ذاتی حملہ کرنے سے گریز کرنا چاہیئے، ٹاک شوز میں دلیل سے گفتگو اینکر اور مہمان دونوں کی ذمے داری ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات