اسرائیلی جیل میں قید بزرگ حماس رہ نما کی 12 روز سے بھوک ہڑتال

لشیخ جمال الطویل نے کئی ماہ سے پابند سلاسل اپنی بیٹی بشری الطویل کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھوک ہڑتال کی،رپورٹ

پیر 14 جون 2021 14:33

غرب اردن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2021ء) اسرائیل کی ھشارون جیل میں قید اسلامی تحریک مزاحمت حماس کے بزرگ اور سینیر رہ نما الشخ جمال الطویل بلا جواز انتظامی قید کے خلاف بہ طور احتجاج 12 دن سے بھوک ہڑتال جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے نمک اور پانی کے سوا باقی ہرطرح کاکھانا پینا ترک کردیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق الشیخ جمال الطویل نے کئی ماہ سے پابند سلاسل اپنی بیٹی بشری الطویل کے ساتھ یکجہتی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اور اپنی انتظامی قید کے خلاف بھوک ہڑتال شروع کی ہے۔

(جاری ہے)

اسرائیلی فوج نے الشیخ جمال الطویل کو دو جون 2021 کو حراست میں لیا تھا۔ ان کی گرفتاری رام اللہ شہر میں قائم ان کی رہائش گاہ سے عمل میں لائی گئی تھی۔ گرفتاری کے وقت قابض فوج نے ان کے گھر میں بڑے پیمانے پر توڑ پھوڑ اور لوٹ مار کی۔گرفتاری کے بعد انہیں پہلے عوفر جیل میں ڈالا گیا جس کے بعد انہیں ھشارون جیل منتقل کردیا گیا ہے۔گذشتہ پیر کو اسرائیل کی فوجی عدالت عوفر نے الشیخ جمال الطویل کو چارماہ کی قابل توسیع انتظامی قید کی سزا سنائی تھی۔ ان کی بیٹی اور صحافیہ بشری الطویل کو 9 نومبر 2020 کو گرفتار کرنے کے بعد انتظامی قید میں ڈال دیا گیا تھا۔