شاہ محمود قریشی کا روسی وزیر خارجہ سے ٹیلی فون پر رابطہ

روسی فیڈریشن کے وزیر برائے امور خارجہ سرگئی لاوروف اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیر برائے امور خارجہ شاہ محمود قریشی کے درمیان ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی ہے

Umer Jamshaid عمر جمشید منگل 15 جون 2021 11:43

شاہ محمود قریشی کا روسی وزیر خارجہ سے ٹیلی فون پر رابطہ
ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 جون 2021ء،نمائندہ خصوصی،اشتیاق ہمدانی) روسی فیڈریشن کے وزیر برائے امور خارجہ سرگئی لاوروف اور اسلامی جمہوریہ پاکستان کے وزیر برائے امور خارجہ شاہ محمود قریشی کے درمیان ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی ہے. دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا.

پاک روس وزرائے خارجہ کے درمیان  گفتگو کے دوران ایف اے ٹی ایف کے فریم ورک کے اندر باہمی روابط کے علاوہ دیگرایجنڈوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس فون کال کے دوران روس  پاکستان کثیر جہتی تعاون کو متحرک کرنے کے لئے باہمی رویہ کی تصدیق کی گئی.

دوران کال مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے روسی ہم منصب کو بتایا کہ پاکستان، روس کے ساتھ اپنے دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے.

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان، روس کے ساتھ کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کیلئے پرعزم ہے. شاہ محمود قریشی نے کہا کہ روسی وزیر خارجہ کے دورہ ء پاکستان سے دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہوئے ہیں. حال ہی میں پاکستان سٹریم گیس پائپ لائن منصوبے پر دونوں ممالک کے مابین ضمنی معاہدے پر دستخط، انتہائی مثبت پیش رفت ہے- پاکستانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم توانائی کے شعبے میں تعاون کے فروغ کیلئے اس منصوبے کے جلد آغاز کے متمنی ہیں.

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہم روس کی طرف سے پاکستان سے چاول کی امپورٹ پر عائد پابندی کے خاتمے کا خیر مقدم کرتے ہیں.
اس گفتگو کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور روس کے مابین دو طرفہ تجارت کے حجم میں اضافے کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا. وزیر خارجہ نے کرونا وبا کے پھیلاؤ کو روکنے کیلئے پاکستان کی معاونت پر روسی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے،انہیں روسی کرونا ویکسین "سپوتنک" کی 5 ملین ڈوزز کی جلد فراہمی کیلئے یاددہانی کروائی.