شدید گرمی کا زور ٹوٹنے لگا، حکومت کا کل سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان

محکمہ تعلیم خیبرپختون خوا کی جانب سے صوبے کے تمام پرائمری اور مڈل اسکولوں کو کل سےدوبارہ کھولنےکا حکم نامہ جاری، اسکولز میں ایس او پیزکے تحت صبح 8 سے 10 بجے تک تعلیمی سرگرمیان جاری رہیں گے

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری بدھ 16 جون 2021 19:57

شدید گرمی کا زور ٹوٹنے لگا، حکومت کا کل سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 جون2021ء) شدید گرمی کا زور ٹوٹنے لگا، خیبرپختونخوا حکومت نے کل سے تعلیمی ادارے کھولنے کا اعلان کر دیا- تفصیلات کے مطابق خیبرپختون خوا کے محکمہ تعلیم نے کل سے صوبے کے تمام اسکول کھولنے کا اعلان کردیا۔ نجی ٹیلی ویژن چینل کی رپورٹ کے مطابق محکمہ تعلیم خیبرپختون خوا نے صوبے کے تمام پرائمری اور مڈل اسکولوں کو کل سےدوبارہ کھولنےکا حکم نامہ جاری کردیا۔

محکمہ تعلیم کی جانب سے جاری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ کل سے اسکولز میں ایس او پیزکے تحت صبح 8 سے 10 بجے تک تعلیمی سرگرمیان جاری رہیں گے۔ صوبائی محکمہ تعلیم نے صوبے کے تمام اضلاع کے تعلیمی افسران کو فیصلے سے آگاہ کرتے ہوئے اساتذہ کو لازمی اسکول آنے کی ہدایت جاری کردی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ خیبرپختون خوا میں شدید گرمی کے باعث پرائمری، مڈل اسکولوں کو بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا کیونکہ گرمی کی وجہ سے کم عمر طالب علموں کو بہت زیادہ مسائل کا سامنا تھا۔

یاد رہے کہ محکمہ تعلیم نے کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر صوبے کے تمام اضلاع میں گزشتہ برس اسکول بند رکھے تھے، جنہیں ایک ماہ قبل سے دوبارہ کھولا گیا البتہ جن اضلاع میں کرونا کیسز کی شرح پانچ فیصد ہے وہاں تعلیمی ادارے بدستور بند ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل سندھ کی صوبائی حکومت نے عالمی وباء کورونا وائرس میں کمی کے بعد صوبے بھر میں چھٹی سے آٹھویں تک تدریسی عمل کل سے شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

صوبہ سندھ کے وزیر تعلیم سعید غنی نے کہا ہے کہ کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں چھٹی سے آٹھویں جماعت تک کی کلاسز 50 فیصد حاضری کے ساتھ کھولنے کا فیصلہ کیا تھا۔ سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے اپنے ایک بیان میں انہون نے کہا کہ کورونا کی صورتحال میں مزید بہتری آنے کی صورت میں پرائمری کلاسز 21 جون سے شروع کردی جائیں گی ، تاہم اسکولوں کے سارے عملے کے لیے ویکسی نیشن ہونا لازمی ہوگا۔