سرفراز، شاہین جھگڑا،کوئٹہ گلیڈی ایٹر نے ریفری کو شکایت لگا دی

بدھ 16 جون 2021 23:19

ابو ظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جون2021ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور لاہور قلندرز کے درمیان میچ میں کپتان سرفراز احمد اور لاہور قلندرز کے فاسٹ بولر شاہین آفریدی کے درمیان جھگڑے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مینجمنٹ نے میچ ریفری کو شکایت درج کروائی تھی۔ذرائع کے مطابق شاہین آفریدی نے حارث رؤف کو دوران میچ بلند آواز میں باؤنسر مارنے کو کہا۔

کوڈ آف کنڈکٹ کے تحت اونچی آواز میں دوسرے بولر کو اکسانے پر جرمانہ ہوتا ہے۔واضح رہے کہ ابوظبی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اننگز کے 19ویں اوور کی آخری گیند پر شاہین آفریدی نے باؤنسر کروائی جو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بیٹسمین سرفراز احمد کے ہیلمٹ پر لگی۔سرفراز نے بھاگ کر رن بنایا تو دوسرے اینڈ پر پہنچنے کے بعد وہ شاہین آفریدی سے کچھ کہتے ہوئے آگے بڑھ گئے۔

(جاری ہے)

شاہین آفریدی بھی کچھ غصے میں آگئے جس کے بعد دونوں کھلاڑیوں کے درمیان جملوں کا تبادلہ ہوا۔اس موقع پر امپائرز اور لاہور قلندرز کے سینئر کھلاڑی محمد حفیظ اور کپتان سہیل اختر نے درمیان میں پڑ کر معاملہ رفع دفع کروایا۔اننگز کے اختتام پر شاہین آفریدی نے انٹرویو میں کہا کہ یہ باتیں کھیل کا حصہ ہیں، وہ کبھی نہیں چاہیں گے کہ اٴْن کو کوئی بیٹسمین جارحانہ انداز سے کھیلے۔