سیز فائر کے باوجود اسرائیلی طیاروں کی غزہ پر بمباری

غزہ سے آتش گیر غبارے بھیجے جانے کے جواب میں حماس کے کمپائو نڈ کو نشانہ بنا کر تباہ کردیا گیا ،اسرائیلی فوج بہادر فلسطینی مزاحمت جاری رکھیں گے،قابض فورسز سے اپنی زمین کا قبضہ چھڑوائیں گے، حماس کا موقف

بدھ 16 جون 2021 23:31

غزہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جون2021ء) گزشتہ ماہ ہونے والی سیز فائر کے باوجود اسرائیلی طیاروں نے ایک بار پھر غزہ پر فضائی بمباری کی۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ سے آتش گیر غبارے اسرائیلی زمین پر بھیجے جانے کے جواب میں لڑاکا طیاروں نے حماس کے ایک کمپائو نڈ کو نشانہ بنا کر تباہ کردیا۔

اس حوالے سے اسرائیلی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اعلیٰ سطح پر اردن سے رابطہ کیا گیا ہے اور غزہ سیآتش گیر غباروں کے حملے سے متعلق آ گاہ کرتے ہوئے تنبیہ کی ہے کہ اگر ایسی کارروائیاں جاری رہیں تو سیز فائر معاہدہ ختم کردیں گے۔دوسری جانب حماس رہنما ئو ں کا اسرائیلی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بہادر فلسطینی مزاحمت جاری رکھیں گے اور قابض فورسز سے اپنی زمین کا قبضہ چھڑوائیں گے۔

(جاری ہے)

حماس نے اسرائیلی حملے میں جانی نقصان کی تصدیق نہیں کی۔ غیر ملکی خبررساں ادارے نے دعوی کیا ہے کہ دونوں جانب حملوں کے نتیجے میں کم سے کم 3 اموات ہوئی ہیں جب کہ آتشی غبارے اسرائیلی کھیتوں پر گرے جس سے 12 مقامات پر آگ بھڑک اٴْٹھی۔ واضح رہے کہ گزشتہ ماہ اسرائیلی لڑاکا طیاروں نے 11 روز تک غزہ پر مسلسل بمباری کی تھی جس کے نتیجے میں 250 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے تھے تاہم اردن نے ثالثی کا کردار ادا کرتے ہوئے حماس اور اسرائیل کے درمیان سیز فائر معاہدہ طے کروایا تھا۔