فائرنگ واقعہ میں زخمی پی ٹی آئی رہنما کی اہلیہ انتقال کر گئیں

فائرنگ سے پی ٹی آئی رہنما عیسیٰ خان کے بازو پر 2 گولیاں لگیں اور ان کی اہلیہ کے سرپر گولی لگی، ذرائع

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری جمعرات 17 جون 2021 21:17

فائرنگ واقعہ میں زخمی پی ٹی آئی رہنما کی اہلیہ انتقال کر گئیں
کراچی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17جون 2021ء) کراچی میں پی ٹی آئی رہنما اور اہلیہ پر فائرنگ کا واقعہ، فائرنگ واقعہ میں زخمی رہنما تحریک انصاف کی اہلیہ انتقال کر گئیں- تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے گلشن معمار افغان بستی کے قریب فائرنگ کے واقعہ میں زخمی تحریک انصاف لیبرونگ منگھو پیر کے صدرعیسیٰ خان کی اہلیہ ہسپتال میں انتقال کر گئیں ۔

شہرقائد کے علاقے گلشن معمار افغان بستی کے قریب فائرنگ سے تحریک انصاف لیبر ونگ منگھوپیر کے صدر اور ان کی اہلیہ زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم تین موٹرسائیکلوں پر سوار تھے۔ملزموں نے پی ٹی آئی کے مقامی رہنما عیسیٰ خان پر گولیاں چلائیں جس کی وجہ سے وہ اہلیہ سمیت زخمی ہو گئے تھے۔دونوں زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیاتھا۔

(جاری ہے)

پولیس کا بتانا تھا کہ عیسیٰ خان کے ہاتھ اور ٹانگ میں گولی لگی جبکہ ان کی اہلیہ بختاور کے سر میں گولی لگی، فائرنگ کے وقت خاتون کی گود میں بچہ بھی تھا جو محفوظ رہا۔ ہسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر نے کہا کہ فائرنگ سے عیسیٰ خان کے بازو پر 2 گولیاں لگیں اور ان کی اہلیہ کے سرپر گولی لگی جس سے ان کی حالت تشویشناک ہے۔

راجہ اظہرکا کہنا تھا کہ ملزم دو موٹر سائیکلوں پر سوار تھے اور انہوں نے کلاشنکوف سے 6 فائر کئے۔ واردات کے بعد ملزم بآسانی فرار ہو گئے۔ رکن سندھ اسمبلی رابستان خان نے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا، رابستان خان کاکہناہے کہ پسماندگان سے دلی تعزیت اور دکھ کا اظہار کرتا ہوں، پولیس علاقے میں قبضے کرنے میں مصروف ہے، پولیس امن امان کی بجائے مال بنانے میں مصروف ہے، پولیس کی نااہلی کی وجہ سے وارداتوں میں اضافہ ہورہا ہے، رکن اسمبلی نے کہاکہ سندھ حکومت امن امان میں ناکام ہوچکی ہے، افسوس ناک واقعے پر اپنا لائحہ عمل سامنے لائیں گے۔

واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں جبکہ زخمیوں کا ابتدائی بیان بھی ریکارڈ کر لیا گیا ہے جس میں انہوں نے بتایا کہ واردات میں بڑا اسلحہ استعمال کیا گیا تاہم زخمیوں کا حتمی بیان بعد میں لیا جائے گا۔پولیس کے مطابق عیسی خان کے ہاتھ اور ٹانگ میں گولی لگی جبکہ ان کی اہلیہ بختاور کے سر میں گولی لگی۔فائرنگ کے وقت خاتون کی گود میں بچی بھی تھی جو محفوظ رہی۔واقعے سے متعلق مزید تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔