پہلے کونسا 150 کی رفتار سے بائولنگ کرتا تھا جو اب سپیڈ کم ہوگئی :محمد عباس

10 اوورز بعد بھی وکٹ نہ ملے تو پھر جسم تھکا تھکا لگنے لگتا ہے : ٹیسٹ کرکٹر

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 18 جون 2021 16:19

پہلے کونسا 150 کی رفتار سے بائولنگ کرتا تھا جو اب سپیڈ کم ہوگئی :محمد ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 18 جون 2021ء ) فاسٹ بولر محمد عباس کا کہنا ہے کہ رفتار بڑھانے سے زیادہ ساری توجہ وکٹ حاصل کرنے پر ہوتی ہے۔ پی سی بی کی طرف سے جاری کردہ انٹرویو میں 31 سالہ محمد عباس نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پہلے کون سا 150 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے بولنگ کرتا تھا جو اب کہا جارہا ہے کہ سپیڈ میں کمی آئی ہے ، ہمیشہ 130 کلومیٹر کے آس پاس بائولنگ کرتا ہوں، جب وکٹیں مل رہی ہوتی ہیں تو باؤلر میں ایک انرجی آتی ہے اور خود بخود 5 سے 6 کلومیٹر رفتار میں اضافہ ہوجاتا ہے تاہم اگر 10 اوورز بعد بھی وکٹ نہ ملے تو پھر جسم تھکا تھکا لگنے لگتا ہے۔

محمد عباس کا کہنا تھا کہ کوشش ہوگی کہ جب بھی موقع ملے، پاکستان کے لیے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کروں ، سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے محمد عباس نے انگلینڈ میں ہیمپشائر کی جانب سے کاؤنٹی کرکٹ کھیلنے کو شاندار تجربہ قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ وکٹ حاصل کرنے کے لیے سکلز کو مزید بہتر بنانے کے ساتھ فٹنس میں بھی بہتری لانے کے لیے کوشاں ہوں۔ نیشنل ہائی کیمپ میں شامل دائیں ہاتھ کے پیسر نے بتایا کہ انگلنیڈ سے واپسی پر ایک دم ٹھنڈے موسم سے لاہور کی گرمی میں ایڈجسٹ ہونے میں کچھ وقت لگا تھا، کائونٹی سےواپسی پر آرام نہیں کیا، سیدھا کیمپ کو جوائن کیا۔ آگے بڑھنے میں ٹریننگ کے ساتھ لیکچرز بھی اہمیت رکھتے ہیں۔