اسمبلی کے باہر وزیراعلیٰ بلوچستان پر جوتا اچھال دیا گیا

وزیراعلیٰ جام کمال اسمبلی احاطے میں داخل ہوئے تو انہیں دیکھ کر اپوزیشن جماعتوں کے کارکنان نے جام کمال کی طرف بڑھنے کی کوشش کی، اس دوران اُن پر گملے اور جوتے پھینکے، پولیس نے حملہ کرنے والے مظاہرین کی تلاش شروع کردی

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 18 جون 2021 18:35

اسمبلی کے باہر وزیراعلیٰ بلوچستان پر جوتا اچھال دیا گیا
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 جون2021ء) صوبائی اسمبلی کے باہر وزیراعلیٰ بلوچستان پر جوتا اچھال دیا گیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ جام کمال بلوچستان کی صوبائی اسمبلی کے احاطے میں داخل ہوئے تو انہیں دیکھ کر اپوزیشن جماعتوں کے کارکنان نے جام کمال کی طرف بڑھنے کی کوشش کی ، اس دوران اُن پر گملے اور جوتے پھینکے ، پولیس نے حملہ کرنے والے مظاہرین کی تلاش شروع کردی تاہم ابتدائی طور پر کسی کی بھی گرفتاری عمل میں نہیں لاائی جاسکی۔

قبل ازیں صوبہ بلوچستان اسمبلی میں بجٹ اجلاس سے قبل اپوزیشن نے صوبائی اسمبلی کے چاروں گیٹ تالے لگا کر بند کردیے ، پولیس اور اپوزیشن اراکین کے درمیان ہاتھا پائی، کئی ایم پی ایز زخمی ہوگئے ، اپوزیشن کا بلوچستان اسمبلی کے باہر احتجاج جاری تھا کہ اس دوران اپوزیشن نے حکومتی اراکین کو اسمبلی میں جانے سے روکنے کی کوشش کی ، جس کے لیے اپوزیشن ارکان نے بلوچستان اسمبلی کے مرکزی دروزاے پر تالے لگادیئے ، اس کے باعث پرٹننگ پریس سے بجٹ کاپیاں بھی تاحال نہ پہنچ سکیں ، رکن اسمبلی احمد نواز نے الزام عائد کیا کہ پولیس نے رکن اسمبلی کو گریبان سے پکڑا۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ پولیس حکام نے ایم پی اے ہاسٹل کےقریب اسمبلی گیٹ کھلوانے کی کوشش کی جس پر اپوزیشن ارکان اور پولیس حکام میں تلخ کلامی ہوئی تاہم پولیس حکام اسمبلی گیٹ کا تالا کھلوانے میں ناکام رہے ، جس کے بعد پولیس کی بکتر بند گاڑی نے ٹکر مار کر بلوچستان اسمبلی کا گیٹ توڑدیا ، جس کے بعد بلوچستان اسمبلی کے باہر اپوزیشن ارکین اور پولیس آمنے سامنے آگئے ، اس حوالے سے قائد حزب اختلاف بلوچستان اسمبلی ملک سکندرنے کہا کہ آج ہم بلوچستان اسمبلی کے چوکیدار ہیں ، کسی کو اسمبلی کے اندر جانے نہیں دیں گے اور حکومت بجٹ پیش کرکے دکھائے۔